اسمبلی بجٹ سیشن کا آج آغاز، گورنر کا خطبہ‘ ہریش راؤ اتوار کو بجٹ پیش کریں گے

   

حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز) وزیر فینانس کی حیثیت سے ٹی ہریش راؤ پہلی مرتبہ اسمبلی میں سال 2020-21 کا بجٹ پیش کریں گے جبکہ کونسل میں وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی بجٹ پیش کریں گے۔ ٹی آر ایس حکومت کی دوسری میعاد میں ہریش راؤ کو کابینہ میں شامل کرکے فینانس کا قلمدان دیا گیا ہے۔ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کل 6 فروری کو 11 بجے دن دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گی۔ ہفتہ کو گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر پر مباحث ہونگے اور حکومت کی جانب سے جواب دیا جائے گا۔ وزیر فینانس ہریش راؤ اتوار کو سال 2020-21 کا بجٹ پیش کریں گے جبکہ ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کونسل میں بجٹ تجاویز پیش کریں گے۔ بجٹ کی پیشکشی کے بعد اجلاس کو منگل تک ملتوی کردیا جائیگا ۔ پیر کو ہولی کی تعطیل رہے گی اور منگل سے بجٹ پر مباحث کا آغازہوگا۔ بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس گورنر کے خطبہ کے بعد منعقد ہوگا جس میں اجلاس کے ایجنڈہ اور ایام کار کو قطعیت دی جائے گی۔ توقع ہے کہ 21 مارچ تک بجٹ سیشن جاری رہے گا۔