گورنر ٹی سوندراراجن مشترکہ سیشن سے خطاب کرینگی ، 18 مارچ کو بجٹ کی پیشکشی
حیدرآباد :۔ تلنگانہ اسمبلی بجٹ سیشن کا 15 مارچ بروز پیر سے آغاز ہورہا ہے ۔ اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ سیشن سے گورنر ٹی سوندراراجن خطاب کریں گی ۔ اسمبلی اور کونسل ہالس اور احاطہ کو بجٹ سیشن کے لیے تیار کیا گیا ہے ۔ 15 مارچ صبح 11 بجے گورنر کے خطاب کے لیے پہلے ہی دونوں ایوانوں کے سیشن کی طلبی کا ریاستی حکومت نے اعلامیہ جاری کیا ۔ اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی نے بجٹ سیشن اور کورونا پروٹوکول کو مد نظر رکھتے ہوئے ایوان کی کارروائی کو پرامن طریقہ سے چلانے کے لیے اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس لیا ۔ اسمبلی سکریٹری ڈاکٹر وی نرسمہا چارلو کے مطابق سیشن کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ 18 مارچ کو بجٹ پیش کیا جائے گا ۔ اسمبلی کے ہر رکن ، عہدیداروں اور عملہ کے ارکان کے علاوہ تمام سرکاری محکموں اور اخبارات و ٹیلی ویژن کے صحافیوں کو بھی سیشن میں شرکت کیلئے کورونا ٹسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔