اسمبلی بجٹ سیشن کا 18 مارچ سے امکان

,

   

کونسل انتخابات کے پیش نظر چیف منسٹر کا فیصلہ
حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا بجٹ سیشن توقع ہے کہ مارچ کے تیسرے ہفتہ میں منعقد ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 7 روزہ بجٹ سیشن کی تیاری کر رہے ہیں۔ عام طورپر بجٹ سیشن 30 سے 40 ایام کار پر مشتمل ہوتا ہے لیکن چیف منسٹر نے ایک ہفتہ پر مشتمل بجٹ سیشن کا منصوبہ بنایا ہے ۔ کورونا وباء کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر 18 مارچ سے سیشن کے آغاز کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 14 مارچ کو گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات کے پیش نظر چیف منسٹر نے بجٹ اجلاس کی نئی تاریخوں کو طئے کیا ہے۔ انتخابی مہم میں ریاستی وزراء اور عوامی نمائندے سرگرمی کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں جسکے نتیجہ میں وہ 14 مارچ سے قبل اجلاس کی صورت میں حاضر نہیں ہوسکتے ۔ ایم ایل سی انتخابات کے نتائج کا 17 مارچ کو اعلان کیا جائیگا اور چیف منسٹر اعلان کے دوسرے دن سے بجٹ اجلاس شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ گزشتہ سال بجٹ اجلاس دو ہفتہ کے لئے طئے کیا گیا تھا لیکن کورونا وباء کے پیش نظر صرف 9 دن میں اجلاس ختم کردیا گیا۔