اسمبلی بجٹ سیشن کے بعد ریاستی کابینہ میں توسیع کی قیاس آرائیاں

   

کابینہ سے دو یا تین وزراء کی علیحدگی کا امکان، نئے چہروں کو کی شمولیت، دعویداروں کی سرگرمیاں تیز
حیدرآباد۔ 22 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ میں اسمبلی کے بجٹ سیشن کے بعد توسیع کی قیاس آرائیاں عروج پر ہیں اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کو پارٹی ہائی کمان نے توسیع اور بعض وزراء کی علیحدگی کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی کے حالیہ دورۂ دہلی کے موقع پر صدر پردیش کانگریس ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے کابینہ میں توسیع اور سماجی انصاف کی بنیاد پر نئے چہروں کی شمولیت پر بات چیت کی۔ ذرائع کے مطابق ہائی کمان نے ناقص کارکردگی کے حامل بعض وزراء کی علیحدگی کی اجازت دی تاہم وزارت سے علیحدگی کے بعد انہیں پارٹی کی اہم ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق کابینہ میں توسیع کے لئے مہورت طے ہوچکا ہے تاہم بجٹ سیشن کے بعد چیف منسٹر ہائی کمان سے قطعی منظوری کے بعد تاریخ کا اعلان کریں گے۔ حکومت کے دو سال کی تکمیل کے باوجود مکمل کابینہ تشکیل نہیں ہو پائی ہے۔ اس کے علاوہ اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ پر نہیں کیا گیا۔ کابینہ اور دیگر اہم عہدوں کے لئے دعویداروں کی تعداد کافی زیادہ ہے جس کے نتیجہ میں ہائی کمان نے توسیع کے معاملہ کو طوالت دے دی۔ کابینہ میں شمولیت کے مضبوط دعویداروں میں کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی، اے سرینواس، بالو نائک، مال ریڈی رنگا ریڈی، پریم ساگر راؤ اور سدرشن ریڈی شامل ہیں۔ حکومت نے سدرشن ریڈی کو کابینی درجہ کے ساتھ مشیر مقرر کیا ہے جبکہ پریم ساگر راؤ کو سیول سپلائز کارپوریشن کا صدر نشین مقرر کیا گیا لیکن انہوں نے عہدہ کی ذمہ داری نہیں سنبھالی۔ پریم ساگر راؤ کابینہ سے ہٹ کر کوئی عہدہ قبول کرنے تیار نہیں ہیں۔ موجودہ کابینہ میں چیف منسٹر کے بشمول 15 وزراء ہیں اور محض دو نشستیں خالی ہیں۔ دو نشستوں کو پر کرنے اور بعض وزراء کو وزارت سے علیحدہ کرکے نئے چہروں کو شامل کرنے کا منصوبہ ہے ۔ بتایا گیا کہ دو یا تین وزراء کو وزارت سے علیحدہ کیا جائیگا ۔ بی سی وزیر کی جگہ اے سرینواس کی شمولیت کا امکان ہے جو بی سی میں منورکاپو طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ اعلیٰ طبقہ کے کسی وزیر کو علیحدہ کرنے پر منگوڑ کے رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کی شمولیت کا امکان ہے۔ راج گوپال ریڈی کی شمولیت پر کابینہ میں دو بھائی شامل رہیں گے۔ بعض گوشوں نے راج گوپال ریڈی کی شمولیت کیلئے وینکٹ ریڈی کو وزارت سے علیحدہ کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ راج گوپال ریڈی نے وزارت کیلئے ہائی کمان پر دباؤ بنانے بی جے پی میں شمولیت کی دھمکی دے ڈالی۔ ایس سی اور ایس ٹی طبقات کو کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ ایس ٹی طبقات میں لمباڑہ طبقہ کے قائدین کابینہ میں عدم شمولیت پر ناراض ہیں ایسے میں نلگنڈہ کے بالو نائک کی شمولیت کو یقینی بتایا جارہا ہے۔ منچریال رکن اسمبلی پریم ساگر راؤ نے بھی اپنی دعویداری کو تیز کردیا ہے۔ ابراہیم پٹنم رکن اسمبلی مال ریڈی رنگا ریڈی ضلع رنگاریڈی کی کابینہ میں شمولیت پر دباؤ بنا رہے ہیں۔ رنگاریڈی سے کابینہ میں کوئی نمائندگی نہیں ہے اور بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی بھی مال ریڈی رنگاریڈی کی شمولیت کے حق میں ہیں۔ کابینہ میں عدم شمولیت پر مال ریڈی رنگاریڈی کو گورنمنٹ چیف وہپ کے عہدہ کی پیشکش کی جاسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے کابینہ میں توسیع کے علاوہ نامزد عہدوں پر تقررات کی بھی منظوری دے دی ہے۔ اسمبلی کے بجٹ سیشن کے بعد کابینہ میں توسیع کی صورتحال واضح ہو جائیگی۔ 1