حیدرآباد۔/17 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے تمام سینئر قائدین کل 18 ستمبرکو تمام 119 اسمبلی حلقہ جات میں ایک دن قیام کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں اور عوام سے ملاقات کریں گے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے پارٹی کے قومی قائدین کو اسمبلی حلقہ جات الاٹ کئے ہیں جہاں وہ دن بھر قیام کریں گے۔ صبح کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی کی جانب سے جاری کردہ 6 تیقنات کو عوام تک پہنچائیں گے۔ مرکزی و ریاستی حکومتوں کے خلاف چارج شیٹ جاری کی جائے گی۔ قائدین دوپہر میں کمیونٹی لنچ میں حصہ لیں گے جس میں اسمبلی حلقہ کے بااثر افراد کو مدعو کیا جائے گا۔ شام میں بھارت جوڑو پدیاترا کے تحت امبیڈکر، مہاتما گاندھی اور کمرم بھیم کے مجسموں تک ریالی منظم کی جائے گی۔ پارٹی کے سینئر قائدین نے کانگریس زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس اور ورکنگ کمیٹی ممبرس کو اسمبلی حلقہ جات کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔