اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے لیے سنیتا بی آر ایس کی امیدوار

   

پارٹی کے سربراہ کے سی آر نے فارم ہاوز میں اہم اجلاس طلب کیا ، انتخابی حکمت عملی کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے اپنے فارم ہاوز پر پارٹی کے اہم قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب کا جائزہ لیا ۔ آنجہانی رکن اسمبلی کی بیوہ ایم سنیتا کو پارٹی کا امیدوار بنانے کا سرکاری طور پر اعلان کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگانے کا پارٹی قائدین کو مشورہ دیا ۔ اس اجلاس میں پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر سابق وزراء ہریش راؤ ، محمد محمود علی ، سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ سابق ڈپٹی اسپیکر پدما راؤ گوڑ نے شرکت کی ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے لیے انتخابی شیڈول آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتہ میں جاری ہونے کا قوی امکان ہے ۔ بی آر ایس پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر جوبلی ہلز میں پارٹی کے انتخابی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں ۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے تمام بلدی ڈیویژنس کا علحدہ علحدہ اجلاس طلب کرتے ہوئے پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کو ضمنی انتحاب کے لیے تیار ہوجانے کا مشورہ دیا ہے اور ساتھ ہی بی آر ایس کے اہم قائدین کو مختلف ڈیویژنس میں سرگرم کردیا ہے ۔ پارٹی کے سربراہ کے سی آر نے بھی سٹنگ نشست پر بی آر ایس کا قبضہ برقرار رکھنے کے لیے اپنی توجہ مرکوز کی ہے ۔ اس سلسلہ میں پارٹی کے اہم قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ریاست کی تازہ سیاسی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے لیے منصوبہ بندی تیار کی ہے ۔ ہر ووٹر سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس حکومت کی ناکامیوں ، وعدوں کو نظر انداز کرنے شہر حیدرآباد کے مسائل کو عوام کے درمیان پہونچکر شعور بیدار کرنے کا مشورہ دیا اور ساتھ ہی بی آر ایس کے دور حکومت کے ترقیاتی اقدامات فلاحی اسکیمات کے علاوہ شہر حیدرآباد کی ترقی کے لیے کئے گئے کاموں کی تشہیر کرنے کی ہدایت دی ۔۔ 2