بی آر ایس کی لنچ موشن پر ہائیکورٹ کا احکام کی اجرائی سے انکار
حیدرآباد 16 اکٹوبر(سیاست نیوز ) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بی آر ایس کی ’ووٹ چوری‘ کے الزامات پر مشتمل لنچ موشن کی سماعت کے بعد اس پر کوئی ہدایا ت جاری کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ اس مرحلہ پر جب الیکشن کمیشن سے فہرست رائے دہندگان کی تنقیح اور اسے شفاف بنانے کا عمل جاری ہے عدالت سے کمیشن کو کوئی ہدایات جاری نہیں کی جاسکتی۔ سابق وزیر کے ٹی راما راؤ اور بی آر ایس امیدوارہ جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی مسز ماگنٹی سنیتا کی درخواست کی سماعت کے دوران بی آر ایس کے وکیل نے بتایا کہ حلقہ جوبلی ہلز میں غیر متعلقہ افراد کے نام ووٹر لسٹ میں شامل ہیں اور جن لوگوں کا حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز سے کوئی تعلق نہیں ہے اور جو لوگ کبھی جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی میں قیام نہیں کئے ہیں ایسے ہزاروں ووٹرس کے نام جوبلی ہلز کی فہرست میں موجود ہیں۔ انہو ںنے عدالت کو بتایا کہ بی آر ایس نے اس سلسلہ میں نشاندہی کرکے ریاستی الکٹورل آفیسر اور الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی اور ووٹر لسٹ میں شامل کئے جانے والے فرضی ناموں کو حذف کرنے نمائندگی بھی کی جاچکی ہے لیکن اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے اس سلسلہ میں ریاستی الیکشن کمیشن و الکٹورل آفیسر کے وکیل سے دریافت کیا جس پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بی آر ایس کی شکایت اور نشاندہی کے بعد کمیشن سے فہرست رائے دہندگان کو نقائص سے پاک بنانے کے سلسلہ میں اقدامات کو تیز کردیا گیا ہے اور جلد ہی کمیشن سے اس عمل کو مکمل کرلیا جائے گا۔ انہو ںنے عدالت کو بتایا کہ جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کیلئے تیار فہرست رائے دہندگان کی تنقیح کا عمل جاری ہے اور عہدیدار بی آر ایس کے الزامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ عدالت نے فریقین کے استدلال کی سماعت کے بعد کہا کہ موجودہ حالت میں جبکہ کمیشن سے فہرست رائے دہندگان کو شفاف بنانے کا عمل جاری ہے ایسے میں عدالت کی جانب سے اس معاملہ میں کسی بھی طرح کی مداخلت کام کومتاثر کرسکتی ہے اسی لئے عدالت اس معاملہ میں کوئی احکام جاری نہیں کرے گی۔3