اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں 20 ہزار بوگس ووٹ : کے ٹی آر

   

الیکشن کمیشن کو یادداشت پیش ، پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل مکمل ہونے تک تحقیقات کا مطالبہ

حیدرآباد : 13 اکٹوبر ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے تارک راما راؤ نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں ووٹ چوری ہونے کی الیکشن کمیشن سے شکایت کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ایک گھر میں 43ووٹ ہونے کا ثبوت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے اس حلقہ میں تقریباً 20 ہزار بوگس ووٹ فہرست رائے دہندگان میں شامل کرانے کا الزام عائد کیا ۔ کے ٹی آر نے آج بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے علاوہ دوسرے قائدین کیساتھ الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور بوگس ووٹوں کے خلاف یادداشت پیش کی ، بعد ازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وعدوں سے انحراف کرنے والی کانگریس پارٹی کے خاف دن بہ دن عوام کی ناراضگی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ میں بی آر ایس کی لہر چل رہی ہے جس سے حکمراں جماعت خوفزدہ ہے اور اپنی شکست کو کامیاب میں تبدیل کرنے کیلئے ووٹر لسٹ میں 20 ہزار بوگس ووٹوں کو شامل کردیا گیا ہے جس کے خلاف ہم الیکشن کمیشن سے نمائندگی کرچکے ہیں ۔ووٹ چوری کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے ، اس معاملہ میں غیرقانونی کام کرنے والے ملازمین کے خلاف فوری اثر کے ساتھ کارروائی کرنے اور پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل مکمل ہونے سے قبل تحقیقات کرلینے کا مطالبہ کرچکے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ راہول گاندھی قومی سطح پر ووٹ چوری کے خلاف مہم چلا رہے ہیں ۔ تلنگانہ میں بوگس ووٹوں سے کامیابی حاصل کرنے کی کانگریس پارٹی کوشش کررہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے تین تا چار طریقوں سے ووٹر لسٹ میں بوگس ووٹوں کا اندراج کرایا ہے ۔ ہم نے مختلف گھروں کو پہنچ کر ووٹرس کا جائزہ لیا ہے جس میں کئی ووٹ بوگس پائے گئے ، ہم اس کی تفصیلی رپورٹ ریاستی الیکشن کمیشن کو پیش کرچکے ہیں ۔ 2