اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز پر کانگریس کا پرچم لہرائے گا: پونم پربھاکر

   

پرجا بھون میں آج کانگریس قائدین کا اجلاس، عوام میں شعور بیداری کی ہدایت
حیدرآباد۔ 23 اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ و حیدرآباد انچارج پونم پربھاکر نے کہا کہ اس مرتبہ ضمنی انتخابات میں اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز پر کانگریس کا پرچم لہرائے گا۔ پرجا بھون میں آج وزیر نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے کانگریس قائدین کا ایک اہم اجلاس طلب کیا جس میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ پارٹی کے تمام قائدین کانگریس پارٹی کے امیدوار کو کامیاب بنانے کے لئے ابھی سے متحرک ہو جائیں۔ امیدوار کون ہوگا اس کی فکر نہ کریں بلکہ جو بھی امیدوار ہوگا اس کو کامیاب بنانے کے لئے کام کریں۔ کانگریس پارٹی امیدوار کا انتخاب کرنے کے لئے سروے کرا رہی ہے۔ سروے میں عوام کا مقبول قائد جو بھی ہوگا اس کو ٹکٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کے درمیان پہنچ کر حکومت کے ترقیاتی کاموں اور فلاحی اقدامات کے بارے میں شعور بیدار کریں۔ طویل انتظار کے بعد کانگریس پارٹی نے نئے راشن کارڈس جاری کرنے کا عمل شروع کردیا ہے اور ساتھ ہی راشن شاپ سے باریک چاول تقسیم کئے جارہے ہیں۔ حکومت نے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ 200 یونٹ تک عوام کو مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ 500 روپے میں گیس سلنڈر دیا جارہا ہے۔ خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں ابھی تک 6000 نئے راشن کارڈس جاری کئے گئے ہیں۔ کانگریس حکومت اس حلقہ کو ترقی دیتے ہوئے مثالی حلقہ میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی ہے۔ پینے کے پانی کے مسائل، اسٹریٹ لائٹس، ڈرینیج اور سڑکوں کے مسائل کو جنگی خطوط پر دور کیا جارہا ہے۔ اس کے تعلق سے عوام میں معلومات فراہم کرنا کانگریس قائدین اور کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔ 2