اسمبلی سرمائی اجلاس شور شرابے سے شروع

   

بھوپال، یکم دسمبر (آئی اے این ایس) مدھیہ پردیش اسمبلی کا پانچ روزہ سرمائی اجلاس پیرکو اس وقت ہنگامہ خیز ہوگیا جب کانگریس ارکان نے چنڈواڑہ میں کولڈرف کھانسی کی دوا سے25 سے زائد بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر سخت احتجاج کیا۔ اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھارکی قیادت میں کانگریس ایم ایل ایز نے اسمبلی کے اندر اور باہر علامتی مظاہرہ کیا، جس میں ایک اسکرپٹڈ ڈرامہ بھی شامل تھا۔ ایک خاتون ایم ایل اے نے ’سورپنکھا‘ کا کردار ادا کیا اور سنگھار نے اس کردار کے ساتھ مکالمہ کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ آلودہ دوا میں ڈی ای جی کی مقدار عالمی معیار سے کئی گنا زیادہ تھی، جس کے سبب بچوں میں شدید گردوں کی ناکامی اور دماغی نقصان کے واقعات سامنے آئے۔ کانگریس نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ اس دلخراش سانحے کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے اور سیشن کی مدت کم کرکے اپوزیشن کی آواز دبانے کا مقصد رکھتی ہے۔ اجلاس میں پانچ دن کی مدت کے دوران چار نشستیں ہوں گی، جن میں اہم عوامی مسائل پر بحث ہوں گی۔