اسمبلی سیشن کیلئے ارکان ، صحافیوں اور عہدیداروں کا کورونا ٹسٹ لازمی

   

ایوان میں داخل ہونے سے قبل ٹسٹ رپورٹ دکھانی ہوگی

حیدرآباد۔14مارچ(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں 15مارچ سے اسمبلی کا بجٹ اجلاس شروع ہوگا اور اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام ارکان اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے علاوہ صحافیوں اور عہدیداروں کے لئے لازمی ہوگا کہ وہ اپنا کورونا وائرس معائنہ کرواتے ہوئے رپورٹ ساتھ میں رکھیں اور جن لوگوںکی روناوائرس کی رپورٹ منفی ہوگی انہیں ہی ایوان میں داخل ہونے کی اجاز ت حاصل رہے گی جبکہ جن لوگوں کو معائنہ کے دوران کورونا وائرس کی توثیق ہوگی انہیں ان کی صحت کے اعتبار سے گھریلو یا ہاسپٹل میں قرنطینہ کیا جائے گا۔بتایاجاتاہے کہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے بجٹ اجلاس کے آغاز کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط تیار کئے گئے ہیں ان کے پیش نظر اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں بجٹ اجلاس کے دوران فراہم کیا جانے والا مواد جو کہ اب تک کتابی شکل میں فراہم کیا جاتا تھا لیکن اس مرتبہ کورونا وائرس کے سبب ممکنہ حد تک الکٹرانک مواد پین ڈرائیو یا سی ڈی میں بجٹ کے متعلق مکمل مواد فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے‘ ریاست میں الکٹرانک مواد کی فراہمی کا یہ پہلا تجربہ ہوگا۔سیکریٹری تلنگانہ قانون ساز سیکریٹریٹ مسٹر نرسمہا چاریلو نے بتایا کہ ریاستی اسمبلی کے بجٹ سیشن کے لئے خصوصی انتظاما ت کئے گئے ہیں اور اسمبلی میں داخلہ لئے کورونا وائرس کے معائنہ کے لزوم کے ساتھ احاطہ اسمبلی میں کورونا وائرس کے معائنہ کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں جہاں ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے نمس ہاسپٹل کا عملہ ارکان اسمبلی ‘ قانون ساز کونسل کے علاوہ صحافیوں اور عہدیداروں کے کورونا وائرس کا معائنہ کرے گا اور جن کی رپورٹس منفی آئی ہیں ان کو ہی ایوان میں داخلہ کی اجازت حاصل رہے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ اسمبلی میں ارکان اسمبلی کے درمیان سماجی فاصلہ کی برقراری کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور اس بات کی مکمل کوشش کی جا رہی ہے کہ بجٹ اجلاس کے دوران ایوان میں سماجی فاصلہ کی برقراری کے علاوہ کورونا وائرس کے دیگر رہنمایانہ اصولوں پر عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔