اسمبلی سے استعفیٰ دے کر کڑپہ لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کرنے جگن کا منصوبہ

   

اسمبلی چناؤ کے مظاہرہ سے مایوس، اپوزیشن لیڈر کا عہدہ بھی حاصل نہیں، کڑپہ میں حامیوں سے مشاورت
حیدرآباد ۔ 8۔ جولائی (سیاست نیوز) آندھراپردیش اسمبلی انتخابات میں بدترین شکست نے سابق چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کو سیاسی سطح پر کافی کمزور کردیا ہے۔ جگن موہن ریڈی کو شکست کی امید نہیں تھی لیکن 175 رکنی اسمبلی میں ان کی پارٹی کو محض 11 نشستیں ملی ہیں۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدہ کیلئے درکار نشستیں حاصل نہیں ہوئیں ، لہذا جگن موہن ریڈی اسمبلی سے استعفیٰٰ دے کر لوک سبھا ضمنی چناؤ میں مقابلہ کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔ جگن نے کڑپہ کے پولی ویندلا اسمبلی حلقہ میں تین دن قیام کرکے حامیوں سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اپوزیشن لیڈر عہدہ کے بغیر وہ اسمبلی میں چندرا بابو نائیڈو کا سامنا کرنے تیار نہیں ہیں۔ جگن موہن ریڈی پولی ویندلا اسمبلی حلقہ سے استعفیٰ دینے کا من بناچکے ہیں اور کڑپہ لوک سبھا حلقہ سے اویناش ریڈی کا استعفیٰ حاصل کرکے ضمنی چناؤ میں مقابلہ کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جگن موہن ریڈی نے اپنی والدہ وجئے اماں سے بھی مشاورت کی ہے۔ آنجہانی راج شیکھر ریڈی کی اہلیہ وجئے لکشمی یا جگن کی شریک حیات بھارتی کو پولی ویندلا سے امیدوار بنایا جاسکتا ہے۔ اویناش ریڈی جو جگن کے قریبی رشتہ دار ہیں ، وہ کڑپہ لوک سبھا نشست سے استعفیٰ کیلئے تیار ہوچکے ہیں۔ استعفیٰ کے بعد ضمنی چناؤ میں جگن کڑپہ لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق جگن نے قومی سیاست میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ راجیہ سبھا میں بی جے پی کی تائید کے ذریعہ چندرا بابونائیڈو پر کنٹرول کیا جاسکے۔ راجیہ سبھا میں وائی ایس آر کانگریس کے 11 ارکان ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ قومی سیاست میں جگن موہن ریڈی بی جے پی کے ذریعہ نائیڈو کو انتقامی کارروائی سے روکنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ بی جے پی مخلوط حکومت کے نتیجہ میں جگن کو راجیہ سبھا میں اہمیت حاصل ہوگی۔ راجیہ سبھا میں تلگو دیشم کا ایک بھی رکن نہیں ہے جبکہ جگن کے 11 ارکان ہیں۔ جگن کا ماننا ہے کہ اے پی میں پارٹی کو دوبارہ مستحکم کرنے والدہ وجئے لکشمی و اہلیہ بھارتی کو میدان میں لانے سے فائدہ ہوگا۔ نائیڈو نے اپنی شریک حیات بھونیشوری کو ریاست گیر سطح پر انتخابی مہم میں مشغول کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جگن موہن ریڈی جلد ہی اپنے سیاسی فیصلہ کا اعلان کریں گے۔ 1