اسمبلی ضمنی انتخابات: انڈیا بلاک کی10حلقوں میں شاندار کامیابی

,

   

این ڈی اے کو شرمناک شکست کا سامنا‘13میں صرف دو نشستوں تک محدود‘ایک آزاد امیدوار کی جیت

نئی دہلی : ملک کی 7 ریاستوں کی 13 اسمبلی سیٹوں کے لیے 10جولائی کوضمنی انتخاب ہوئے تھے۔ آج 13 جولائی کو سبھی سیٹوں پر ڈالے گئے ووٹ کی گنتی ہوئی اور جو نتائج سامنے آئے ہیں وہ مودی بریگیڈ کیلئے کسی زوردار جھٹکہ سے کم نہیں ہے۔ انڈیا بلاک نے این ڈی اے کو شرمناک شکست دیتے ہوئے 13 اسمبلی سیٹوں میں سے 10 پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔ صرف 2 اسمبلی سیٹوں پر این ڈی اے کو کامیابی ملی ہے۔ اگر پارٹی سطح پر نتائج کو دیکھیں تو کانگریس و ترنمول کانگریس کو 4‘4، بی جے پی کو 2 اور عآپ و ڈی ایم کے کو 1‘1 سیٹ پر کامیابی ملی ہے۔ ایک اسمبلی سیٹ پر آزاد امیدوار نے قبضہ جمایا ہے۔ بدری ناتھ (اتراکھنڈ) میںکانگریس امیدوار لکھپت سنگھ بٹولا نے بدری ناتھ اسمبلی سیٹ پر بی جے پی امیدوار راجندر سنگھ بھنڈاری کو 5224 ووٹوں سے شکست دی۔ اتراکھنڈ کی منگلور اسمبلی سیٹ پر بھی کانگریس نے ہی کامیابی کا پرچم لہرایا ہے۔ یہاں کانگریس امیدوار قاضی محمد نظام الدین کو 31727 ووٹ حاصل ہوئے۔ دوسرے مقام پر رہنے والے بی جے پی امیدوار کرتار سنگھ بھڈانا کو 31305 ووٹ ملے یعنی ہار اور جیت کا فاصلہ محض 422 ووٹوں کا رہا۔ دیہرا (ہماچل پردیش) میں کانگریس امیدوار اور وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کی اہلیہ کملیش ٹھاکر (32737 ووٹ) کو کامیابی ملی ہے۔ اس سیٹ پر کانگریس نے 25 سال بعد کامیابی کا پرچم لہرایا ہے۔ ہماچل پردیش کی نالہ گڑھ سیٹ پر بھی کانگریس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ہمیر پور ‘ہماچل پردیش کی 3 اسمبلی سیٹوں میں وہ واحد سیٹ ہے جسے بی جے پی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ رائے گنج مغربی بنگال اسمبلی سیٹ پر ترنمول کانگریس امیدوار کرشن کلیانی نے 50 ہزار سے زائد ووٹوں سے جیت حاصل کی ہے۔ راناگھاٹ جنوب (مغربی بنگال) میںترنمول کانگریس امیدوار مکٹ منی ادھیکاری نے راناگھاٹ جنوب اسمبلی سیٹ پر 113533 ووٹ حاصل کر 39 ہزار سے زائد ووٹوں کی جیت کو یقینی بنایا۔ مغربی بنگال کی باگدا اسمبلی سیٹ پر بھی ترنمول کانگریس کا ہی قبضہ رہا جہاں مدھوپرنا ٹھاکر (107706 ووٹ) نے بی جے پی امیدوار بنے کمار بسواس (74251 ووٹ) کو 33455 ووٹوں سے شکست دی۔ مغربی بنگال کی مانک تالا اسمبلی سیٹ پر ترنمول کانگریس امیدوار سپتی پانڈے نے یکطرفہ جیت حاصل کی۔ انھوں نے بی جے پی امیدوار کلیان چوبے کو 62312 ووٹوں سے ہرایا۔ جالندھر مغرب (پنجاب) میںعام آدمی پارٹی کے موہندر بھگت نے بڑی جیت حاصل کی ہے۔ وکرونڈی (ٹاملنا ڈو) میںانڈیا بلاک میں شامل ڈی ایم کے نے کامیابی حاصل کی ہے۔امرواڑا‘مدھیہ پردیش میںبی جے پی امیدوار کملیش پرتاپ شاہ نے3027 ووٹوں سے جیت کا پرچم لہرایا ہے اورکانگریس امیدوار دھیرن ساہ سکھرام داس کو شکست دی۔ روپولی (بہار) میں آزاد امیدوار شنکر سنگھ نے 8246 ووٹوں سے جیت حاصل کی ہے۔ انھوں نے 68070 ووٹ حاصل کر جنتا دل یو امیدوار کالادھر پرساد منڈل کو شکست دی۔ آر جے ڈی امیدوار بیما بھارتی اس سیٹ پر 30619 ووٹوں کے ساتھ تیسرے مقام پر رہیں۔