اسمبلی مانسون سیشن کا آغاز، دو سابق ارکان اسمبلی کو خراج

   

ایوان کی کارروائی پیر تک کیلئے ملتوی

حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے مانسون سیشن کا آج آغاز ہوا۔ اجلاس کے پہلے دن دو سابق ارکان اسمبلی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد کارروائی کو پیر تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ ٹھیک 11:30 بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوئی۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے کوویڈ قواعد کے مطابق ارکان کی نشستوں کے الاٹمنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مقررہ نشستوں پر بیٹھنے کی ارکان سے اپیل کی۔ ایوان میں 3 سرکاری رپورٹ پیش کی گئیں۔ وزیربرقی جگدیش ریڈی نے ناردن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی تلنگانہ کی 21 ویں سالانہ رپورٹ برائے 2020-21 پیش کیا۔ وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو نے تلنگانہ اسٹیٹ فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی چوتھی سالانہ رپورٹ برائے سال 2020-21 ایوان میں پیش کی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی کی جانب سے تلنگانہ پرائیویٹ سیکوریٹی ایجنسیز ریگولیشن رولس 2022 سے متعلق جی او ایم ایس 42 مورخہ 16 اگسٹ 2022 ایوان میں پیش کیا گیا۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے سابق ارکان اسمبلی شریمتی ملو سوراجیم اور پی جناردھن ریڈی کے دیہانت پر تعزیتی قرار داد پیش کی۔ ملو سوراجیم سوریہ پیٹ ضلع کے تنگاترتی اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرچکی ہیں جبکہ جناردھن ریڈی کریم نگر کے کملا پور اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے تھے۔ اسپیکر نے دونوں ارکان کی سیاسی زندگی کے اہم پہلوؤں کو اُجاگر کیا جس کے بعد دو منٹ کی خاموشی منائی گئی۔ تعزیتی قرارداد کی منظوری کے فوری بعد ایوان کی کارروائی پیر تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ر