اسمبلی میں ریونت ریڈی اور کے سی آر کی خوشگوار ملاقات

   

جمہوریت کا خوبصورت لمحہ ایوان اور سیاسی منظر نامہ میں دن بھر موضوع بحث
حیدرآباد : 29 ڈسمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے سرمائی سیشن کے دوران آج ایوان میں ایک غیر متوقع مگر خوشگوار منظر دیکھنے میں آیا جب طویل عرصہ کے بعد بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی اسمبلی میں آمد سیاسی ماحول کو یکسر بدل دیا جیسے ہی کے سی آر ایوان میں داخل ہوئے تمام نگاہیں ان پر مرکوز ہوگئی ۔ اس لمحہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنی نشت سے اُٹھ کر سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے پاس پہنچے اور ان سے مصافحہ کیا اور خیریت دریافت کی ۔ انہوں نے قائد اپوزیشن سے ان کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔ سیاسی اختلافات کے باوجود اس باوقار اور انسانی رویہ نے ایوان میں موجود اراکین کو متاثر کیا اور لمحہ بھر کیلئے ماحول خوشگوار ہوگیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو ، این اُتم کمار ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ،لکشمن ، سیتا اکا گورنمنٹ وہپس ، اے سرینواس ، پی ایلیا کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ سیاسی اختلافات کے باوجود دونوں قائدین کے درمیان یہ مختصر مگر باوقار ملاقات اس حقیقیت کی عکاسی کرتا ہے کہ جمہوری نظام میں نظریاتی اختلافات کے باوجود ذاتی احترام اور سیاسی شائستگی کی روایت برقرار رہنی چاہیئے ۔یہ لمحہ نہ صرف ایوان بلکہ سیاسی منظر نامے میں بھی دن بھر موضوع بحث بنا رہا ۔ 2