اسمبلی میں مباحث کے دوران سیاسی پارٹیوں کی قلعی کھل جائے گی: ریونت ریڈی

   

کے سی آر کو مباحث میں حصہ لینے کا مشورہ
حیدرآباد۔/23 جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ مرکزی بجٹ میں تلنگانہ سے ناانصافیوں کے مسئلہ پر کل اسمبلی میں مباحث کے دوران سیاسی پارٹیوں کی قلعی کھل جائے گی اور کون کس کے ساتھ ہے یہ عوام کو پتہ چلے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ مباحث کے ذریعہ بعض سیاسی پارٹیوں کی مرکزی حکومت کے ساتھ خفیہ مفاہمت اور تلگو ریاستوں کو دوبارہ ضم کرنے کی سازش کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے بی آر ایس سربراہ کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کے ساتھ ناانصافیوں کے مباحث میں حصہ لیں تاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ کو درکار فنڈز جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کے سی آر مباحث سے دوری اختیار کریں گے تو اس بات کا ثبوت ہوگا کہ کے سی آر اور نریندر مودی میں ملی بھگت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے ناانصافیوں کے خلاف مباحث سے بی جے پی کے تلنگانہ ارکان پارلیمنٹ بھی بے نقاب ہوں گے۔1