اسمبلی میں کانگریس ارکان نے سیاہ کھنڈوا پہن کر احتجاج درج کیا

   

Ferty9 Clinic

چھ کے منجملہ صرف چار ارکان احتجاج میں شامل، آئندہ اجلاس میں نشستوں کا الاٹمنٹ
حیدرآباد۔18 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں کانگریس کے ارکان نے پارٹی کے ارکان کے انحراف کے خلاف بطور احتجاج سیاہ کھنڈوا پہن کر احتجاج درج کروایا۔ اسمبلی کی کارروائی کے آغاز سے قبل سی ایل پی لیڈر ملو بھٹی وکرامارکا ساتھی ارکان کے ساتھ ایوان میں داخل ہوئے اور تمام ارکان سیاہ کھنڈوا پہنے ہوئے تھے۔ ان کے ہمراہ ڈی سریدھر بابو، جگاریڈی، ٹی ویریا اور سیتکا موجود تھے۔ پارٹی کے ایک اور رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے خود کو احتجاج سے دور رکھا اور وہ اسمبلی اجلاس سے غیر حاضر رہے۔ کانگریسی ارکان جمہوریت کے تحفظ کے حق میں نعروں کے ساتھ پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے۔ جگاریڈی احتجاج میں شامل ہوئے بغیر ایوان سے باہر نکل گئے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ اسمبلی میں کانگریس ارکان کی تعداد چھ ہوچکی ہے ان میں سے دو ارکان بھٹی وکرامارکا کے ساتھ حکومت کے خلاف احتجاج میں شامل نہیں ہوئے۔ اسمبلی کے دو روزہ خصوصی اجلاس میں اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے سیاسی جماعتوں کے لیے نشستیں الاٹ نہیں کی ہیں۔ توقع کی جارہی تھی کہ عددی طاقت کی بنیاد پر حکومت کی حلیف جماعت مجلس کو اہم اپوزیشن کی نشست فراہم کی جائے گی۔ لیکن آج بھٹی وکرامارکا قائد اپوزیشن کی نشست پر بیٹھے رہے جبکہ 7 ارکان پر مشتمل مجلس کے قائد اکبر اویسی ان سے متصل نشست پر دیکھے گئے جو پہلے انہیں الاٹ کی گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ مجوزہ بجٹ سیشن میں اسپیکر اسمبلی دونوں پارٹیوں کو نئی نشستیں الاٹ کریں گے۔ پارٹیوں کی عددی طاقت کی بنیاد پر نشستوں کا الاٹمنٹ ہوگا۔