حیدرآباد یکم جنوری (سیاست نیوز) ریاستی اسمبلی و کونسل کا سرمائی اجلاس کل 2 جنوری سے دوبارہ شروع ہوگا۔ 29 ڈسمبر کو اجلاس کا آغاز ہوا اور پہلے دن کی کارروائی کے بعد تین دن کی تعطیلات دی گئیں۔ نئے سال کے آغاز کے بعد اسمبلی اور کونسل میں آبپاشی پراجکٹس اور دریاؤں کے پانی کی تقسیم میں تلنگانہ سے ناانصافی پر گرما گرم مباحث کا امکان ہے۔ حکومت سے ایوان میں پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کی تیاری کی جارہی ہے۔ اسمبلی میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی توسیع سے متعلق ترمیمی قانون کو منظوری دی جاسکتی ہے۔ حکومت نے سرمائی سیشن کے ایجنڈہ میں کئی بلز کو شامل کیا ہے ۔ بزنس اڈوائزری کمیٹی اجلاس میں 7 جنوری تک سیشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اپوزیشن نے ایک ماہ تک سیشن کی مانگ کی تھی ۔ بی آر ایس نے آبپاشی پراجکٹس پر اسمبلی میں پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کی اجازت دینے اسپیکر سے درخواست کی ہے۔ سیشن کے پہلے دن قائد اپوزیشن کے سی آر نے کچھ دیر اجلاس میں شرکت کرکے ان کی عدم شرکت سے متعلق قیاس آرائیوں کو ختم کردیا تھا۔ کے سی آر اپنے فارم ہاؤز واپس ہوچکے ہیں ، لہذا سیشن کے باقی دنوں میں ان کی شرکت کے امکانات موہوم دکھائی دے رہے ہیں۔ کے سی آر نے اسمبلی میں ڈپٹی لیڈر کے طور پر ہریش راؤ ، سرینواس یادو اور سبیتا اندرا ریڈی کا تقرر کیا ہے ۔ مباحث کے دوران یہ تینوں پارٹی کی قیادت کریں گے۔ جاریہ مانسون سیشن میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ مکمل کئے جانے کا امکان ہے۔
سرکاری ملازمین کے مسائل اسمبلی سیشن کے بعد حل کرنے چیف منسٹر کا تیقن
حیدرآباد یکم جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ملازمین کی یونینوں کو تیقن دیا کہ اسمبلی اجلاس کے بعد ملازمین کے مسائل کی یکسوئی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ تلنگانہ ایمپلائیز جے اے سی صدرنشین این جگدیشور ، سکریٹری جنرل سرینواس راؤ کی قیادت میں یونینوں کے نمائندوں سے آج سکریٹریٹ میں چیف منسٹر سے ملاقات کی اور سال نو کی مبارکباد پیش کی ۔ جے اے سی نے ملازمین کے دیرینہ مسائل پر چیف منسٹر کی توجہ مبذول کرائی۔1
