اسمبلی و کونسل میں گورنمنٹ وہپ عہدوں پر تقررات کی مساعی

   

کابینہ میں شمولیت سے محروم ارکان کو ترجیح، اسمبلی کی 13 کمیٹیوں کی تشکیل پر مشاورت
حیدرآباد۔ 8 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ میں تین وزراء کی شمولیت کے بعد کانگریس نے اسمبلی و کونسل میں گورنمنٹ وہپس کے تقرر اور مقننہ کمیٹیوں کی تشکیل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ذرائع کے مطابق صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور جنرل سکریٹری انچارج تنظیمی امور کے سی وینوگوپال نے حالیہ دورہ حیدرآباد کے موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کو نامزد عہدوں پر تقررات کا عمل جلد مکمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اسمبلی و کونسل میں پہلی مرتبہ منتخب ہونے والے کئی ارکان گورنمنٹ وہپ کے عہدے کے دعویداروں میں شامل ہیں۔ خاص سینئر ارکان نے بھی اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ مقننہ کمیٹیوں کے صدور نشین کے عہدے کے لئے بھی ارکان میں مسابقت دیکھی جارہی ہے۔ حالیہ کابینہ میں توسیع اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدہ کے لئے نام کے تعین کے بعد اسمبلی میں گورنمنٹ وہپ کی دو جائیدادیں مخلوعہ ہوئی ہیں۔ کابینہ میں اے لکشمن کمار کو شامل کیا گیا جبکہ رام چندر نائک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ہوں گے۔ بتایا جاتا ہیکہ مخلوعہ گورنمنٹ وہپ کی جائیدادوں کے علاوہ اسمبلی اور کونسل میں مزید دو وہپس کے تقرر کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ کابینہ میں شمولیت سے محروم قائدین کی ناراضگی دور کرنے کے لئے گورنمنٹ چیف وہپ اور وہپس کے عہدوں کا پیشکش کیا گیا ہے۔ گورنمنٹ وہپ اور چیف وہپ کو عام طور پر کابینی وزیر کے مساوی مراعات حاصل ہوتی ہیں۔ اسمبلی اور کونسل کی تقریباً 13 کمیٹیوں کی تشکیل کی تیاری ہے جس میں بی سی، ایس سی، ایس ٹی، میناریٹیز، لائبریری اور دیگر کمیٹیاں شامل ہیں۔ اضلاع کریم نگر، عادل آباد، رنگاریڈی، نظام آباد، میدک اور ورنگل سے تعلق رکھنے والے ارکان کو کیٹیوں میں نمائندگی کا امکان ہے کیونکہ کابینہ میں مذکورہ اضلاع کو نمائندگی نہیں دی گئی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نئی دہلی سے واپسی کے بعد تقررات کا عمل تیز ہوسکتا ہے۔ 1