اسمبلی و کونسل کے ارکان کیلئے آج دوبارہ کورونا ٹسٹ کا انتظام

   

اندرون ایک ہفتہ کورونا سے متاثر ہونے کا خطرہ، پولیس و صحافیوں کیلئے بھی دوبارہ ٹسٹ لازمی
حیدرآباد۔ اسمبلی اور کونسل کے مانسون اجلاس کو ایک ہفتہ مکمل ہوا تاہم اسپیکر اور صدر نشین قانون ساز کونسل نے تمام ارکان کا کورونا ٹسٹ دوبارہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسمبلی اور کونسل کے تمام ارکان بشمول وزراء، اسمبلی اسٹاف، پولیس، میڈیا نمائندوں اور اسمبلی آنے والے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ پیر کے روز صبح 9 بجے سے اسمبلی اور کونسل کے احاطہ میں کورونا ٹسٹنگ مراکز سے رجوع ہوں۔ بتایا جاتا ہے کہ عام طور پر ایک ہفتہ میں کورونا ٹسٹ کی رپورٹ تبدیل ہوسکتی ہے۔ اسمبلی اجلاس سے قبل تمام ارکان، عہدیداروں، پولیس اور صحافیوں کا ٹسٹ کیا گیا تھا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ گذرنے کے بعد کورونا ٹسٹ لازمی ہے کیونکہ یہ ارکان کی صحت کا سوال ہے۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندرریڈی اور اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی نے تمام ارکان، اسٹاف ، پولیس اور صحافیوں کو ہدایت دی کہ پیر کے دن اسمبلی اجلاس سے قبل اپنا ٹسٹ کروالیں۔ اسمبلی کے آغاز کے وقت کئی وزراء اور ارکان نے یہ کہتے ہوئے حیدرآباد میں ٹسٹ نہیں کروایا کہ وہ اپنے آبائی مقامات پر ٹسٹ کرواچکے ہیں۔ ان تمام کو پیر کے دن دوبارہ ٹسٹ کروانا ہوگا کیونکہ وہ ہفتہ اور اتوار اپنے انتخابی حلقوں کا دورہ کرچکے ہیں لہذا اسمبلی میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے دوسر مرتبہ ٹسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسمبلی اور کونسل میں صبح 9 بجے سے خصوصی کاؤنٹرس قائم رہیں گے۔ واضح رہے کہ اسمبلی اجلاس کے آغاز کے وقت کورونا ٹسٹ کرتے ہوئے لیجسلیچر ایمپلائیز، پولیس اور صحافیوں کو خصوصی پاسیس جاری کئے گئے تھے۔ ہر ایک کیلئے لازمی قرار دیا گیا کہ وہ اپنے پاس کے ساتھ کورونا رپورٹ بھی رکھیں۔