حیدرآباد: 29 اگست (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک رائو ٹھاکرے نے تیقن دیا کہ اسمبلی انتخابات میں مسلم اقلیت کو ٹکٹوں میں مناسب نمائندگی دی جائے گی۔ سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی محمد امتیاز کی قیادت میں اقلیتی قائدین نے مانک رائو ٹھاکرے سے ملاقات کرتے ہوئے ٹکٹوں کے الاٹمنٹ میں بہتر نمائندگی پر زور دیا۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ ہر الیکشن سے قبل مسلم اقلیت سے مناسب نمائندگی کا وعدہ کیا جاتا ہے لیکن الاٹمنٹ کے وقت بعض غیر اہم حلقہ جات میں ٹکٹ دیئے جاتے ہیں جہاں سے کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ صرف نمائندگی کے نام پر غیر اہم حلقہ جات سے ٹکٹ الاٹ کرنا اقلیتوں سے انصاف نہیں ہے۔ مانک رائو ٹھاکرے کو بتایا گیا کہ عام طور پر پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات میں مسلم نمائندے کانگریس امیدوار ہوتے ہیں جبکہ اضلاع اور ایسے حلقے جات جہاں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے وہاں مسلمانوں کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔ مانک رائو ٹھاکرے نے کانگریس کی تنظیم اور ٹکٹوں کے الاٹمنٹ میں مسلمانوں کو موثر نمائندگی کا تیقن دیا واضح رہے کہ کانگریس کے اقلیتی قائدین نے اسمبلی ٹکٹ کے لیے حیدرآباد کے علاوہ اضلاع سے بھی درخواستیں داخل کی ہیں۔ کرناٹک کی طرح مسلمانوں کی تائید حاصل کرنے کی خواہاں کانگریس پارٹی کو ٹکٹوں میں مسلمانوں سے انصاف کرنا چاہئے۔