انفورسمنٹ ایجنسیوں کے ساتھ وکاس راج کا اجلاس، چیک پوسٹس کے قیام اور ضلع واری کمیٹیوں کی ہدایت
حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کے مجوزہ انتخابات میں غیر قانونی سرگرمیوں جیسے شراب، رقومات، قیمتی اشیاء اور ڈرگس کی تقسیم و منتقلی کو روکنے کیلئے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے مختلف انفورسمنٹ ایجنسیوں کے ساتھ اجلاس منعقدکیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل سی آئی ڈی مہیش بھاگوت، ایڈیشنل سی پی ای ایکسائیز اجئے راؤ، ایڈیشنل ڈائرکٹر سی بی ڈی ٹی کارتک مانکیم ، ایڈیشنل کمشنر کمرشیل ٹیکس مس سنیتا، ایڈیشنل جنرل منیجر اسٹیٹ لیول بینکرس کمیٹی جی آر سری ہری، منیجر ریزروبینک آف انڈیا انکت اگروال، ایڈیشنل کمشنر سنٹرل بورڈ آف ان ڈائرکٹ ٹیکسیس و کسٹم بی وجئے، جائنٹ ڈائرکٹر ریوینیو انٹلیجنس ایس مریتھا نائی، ڈائرکٹر نارکوٹکس کنٹرول بیوریو ایس کے مشرا ، جائنٹ ڈائرکٹر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ روہت آنند، ڈی آئی جی سی آئی ایس ایف شاملا، جائنٹ جنرل منیجر ایر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا شانتی گرو سوامی، چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ سنیتا ایم بھگوت کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر وکاس راج نے مختلف محکمہ جات کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے۔ انفورسمنٹ ایجنسیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ضلع واری سطح پر انٹلیجنس کمیٹیاں قائم کی جائیں جو حساس علاقوں میں انتخابی اخراجات کے علاوہ شراب، دولت، ڈرگس اور قیمتی اشیاء کی تقسیم پر نظر رکھیں۔ وکاس راج نے مہاراشٹرا، چھتیس گڑھ، کرناٹک اور آندھرا پردیش کے سرحدی علاقوں میں چیک پوسٹ کے قیام کا مشورہ دیا تاکہ رقومات کی غیر قانونی منتقلی کو روکا جاسکے۔ انفورسمنٹ ایجنسیوں کو اسمبلی حلقہ جات اور ضلع واری سطح پر ضبطی کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ہیڈکوارٹرس میں الیکشن رسک انالاسیس سیل قائم کرنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر لوکیش کمار اور جائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر سرفراز احمد موجود تھے۔