ہر حلقہ میں 8 سے زائد دعویدار ، سینئر قائدین کے افراد خاندان بھی ٹکٹ کے خواہشمند
حیدرآباد ۔25۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس پارٹی ٹکٹ کے سلسلہ میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا ہے۔ کانگریس ٹکٹ کیلئے درخواستوں کے ادخال کا آج آخری دن تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے تقریباً ایک ہزار درخواستیں داخل کی گئیں۔ کل تک گاندھی بھون میں 723 درخواستیں داخل کی گئیں تھیں اور آج آخری دن تقریباً 200 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ ہر اسمبلی حلقہ کے لئے 7 تا 8 قائدین نے اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ کانگریس نے ہر قائد کیلئے درخواستوں کے ادخال کو لازمی قرار دیا تھا جس کے نتیجہ میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے بھی درخواستیں داخل کیں۔ سینئر قائدین کے ایک خاندان سے ایک سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں۔ ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کیلئے سینئر لیڈر جانا ریڈی کے دونوں فرزندان رگھو ویرا ریڈی اور جئے ویر ریڈی نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ مریال گوڑہ اسمبلی حلقہ سے جانا ریڈی کے بڑے فرزند رگھو ویرا ریڈی نے درخواست داخل کی ۔ کریم نگر اسمبلی حلقہ کیلئے چیف منسٹر کے سی آر کی بھتیجی رمیا راؤ اور ان کے فرزند رتیش راؤ نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ مشیر آباد اسمبلی حلقہ کیلئے انجن کمار یادو اور ان کے فرزند انیل کمار یادو نے درخواست داخل کی۔ رکن اسمبلی سیتکا کے پی اے سدھیر نے بھی اسمبلی انتخابات میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ہر اسمبلی حلقہ سے 8 تا 9 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ آخری دن درخواست داخل کرنے والوں میں اتم کمار ریڈی ، پدماوتی ریڈی ، سریدھر بابو ، جگا ریڈی ، سیتکا ، مدھو یاشکی گوڑ، دامودر راج نرسمہا ، پونم پربھاکر ، سروے ستیہ نارائنا اور بی وینکٹ شامل ہیں۔ سینئر قائدین میں جانا ریڈی نے کسی بھی حلقہ سے درخواست نہیں دی ہیں۔