اسمبلی چناؤ کی تیاریوں کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی اعلیٰ سطحی ٹیم کی آمد

   

مرکزی اور ریاستی محکمہ جات کے ساتھ جائزہ اجلاس، آئندہ دو دنوں تک حیدرآباد میں قیام
حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے 3 روزہ دورہ پر پہونچی الیکشن کمیشن کی ٹیم نے آج سے مختلف سطح پر اجلاسوں کے انعقاد کا آغاز کردیا۔ الیکشن کمیشن کی ٹیم نے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج اور اسپیشل پولیس نوڈل آفیسر کے علاوہ سی آر پی ایف کے نوڈل آفیسر کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اسمبلی چناؤ کے موقع پر سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ الیکشن کمیشن کے وفد کی قیادت سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر دھرمیندر شرما کررہے ہیں جبکہ ٹیم میں سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر نتیش کمار ویاس، ڈپٹی الیکشن کمشنر آر کے گپتا، انڈر سکریٹری الیکشن کمیشن سنجے کمار، پرنسپل سکریٹری اویناش کمار، ڈپٹی الیکشن کمشنر ہردیش کمار، ڈپٹی الیکشن کمشنر منوج کمار ساہو، ڈپٹی الیکشن کمشنر ڈی نارائن، سینئر پرنسپل سکریٹری این آر بتولیا اور ڈائرکٹر پلاننگ مس دیپالی مسرکر شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کی ٹیم نے تیاریوں کے سلسلہ میں لا انفورسمنٹ ایجنسیز سے تجاویز طلب کی ہیں۔ اُنھوں نے نارکوٹک کنٹرول بورڈ، انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ، اکسائز ڈپارٹمنٹ، اسٹیٹ جی ایس ٹی، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ، سنٹرل جی ایس ٹی، اسٹیٹ لیول بینکرس کمیٹی، ڈائرکٹریٹ ریونیو انٹلی جنس، سی آئی ایس ایف اور اسٹیٹ کمرشیل ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا اور محکمہ جات سے تجاویز طلب کیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم 24 جون تک حیدرآباد میں قیام کرے گی۔ ر