حیدرآباد ۔10۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے ایک بھی سرکاری ملازمت فراہم نہیں کی ہے اور بیروزگار نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا گیا ہے۔ وینکٹ ریڈی آج چیریال میونسپل کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے اعلان کیا گیا کہ بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ مل کر بہت جلد اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کئے گئے ایک بھی وعدہ کو کے سی آر حکومت نے پورا نہیں کیا ہے ۔ سماج کے ہر طبقہ کو حکومت سے مایوسی ہوئی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے چیریال میونسپل علاقوں کی ترقی کے لئے ایم پی فنڈ سے 30 لاکھ روپئے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی گاؤں میں زرعی شعبہ کے لئے سربراہی آب کا کوئی نظم نہیں ہے ، جس کے بعد کسان فصلوں کو نقصانات سے بچانے کے سلسلہ میں فکر مند ہیں۔ رکن پارلیمنٹ نے حکومت سے مانگ کی کہ سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ تمام جائیدادوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے تقررات کا عمل شروع کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی بجٹ سے نوجوانوں کو مایوسی ہوئی ہے۔