اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ کے بعد ہی بی جے پی میں شمولیت: راج گوپال ریڈی

   

کانگریس کو کمزور کرنے سے تلنگانہ میں بی جے پی مستحکم، ہریش راؤ سے ملاقات غیر سیاسی
حیدرآباد۔ 18 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے کہا کہ وہ جب کبھی بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنا چاہیں گے تو پہلے رکن اسمبلی کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیں گے ۔ اسمبلی کی لابی میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے راج گوپال ریڈی نے کہا کہ تکنیکی طور پر وہ آئندہ چار برسوں تک کانگریس کے رکن برقرار رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے کانگریس پارٹی کو نقصان پہنچاکر بی جے پی کو مضبوط کردیا ہے اور بی جے پی اس کے لئے خطرہ ثابت ہوگی۔ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ 12 ارکان اسمبلی کے انحراف کے بعد تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کمزور ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کا کوئی مستقبل نہیں ہے، جب اتم کمار ریڈی اور آر سی کنتیا رہیں گے ، اس وقت تک تلنگانہ میں کانگریس کا مستقبل تابناک نہیں ہوگا۔ ان دونوں کو ہٹاکر ہی پارٹی کا مستقبل بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں شکست کی صورت میں اتم کمار ریڈی نے داڑھی منڈھوانے کا عہد کیا تھا لیکن شکست کے باوجود وہ داڑھی کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

لہذا عوام اتم کمار ریڈی پر کس طرح بھروسہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی شخصی رائے نہیں بلکہ کانگریس کارکنوں کی رائے ہے۔ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ تلنگائنہ میں بی جے پی کے استحکام کے بارے میں انہوں نے جو کچھ کہا وہ شخصی رائے ہے۔ بی جے پی میں شمولیت کے بارے میں سوال پر راج گوپال ریڈی نے کہا کہ وہ جب کبھی بی جے پی میں شامل ہونا چاہیں گے تو پہلے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیں گے ۔ حضور نگر کے ضمنی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی کامیابی کا انحصار اتم کمار ریڈی پر ہے۔ اس حلقہ میں میں کس کی تائید کروں گا ، اس کا اظہار انتخابات کے اعلان کے بعد کیا جائے گا ۔ ہریش راؤ سے ملاقات کی وضاحت کرتے ہوئے راج گوپال ریڈی نے کہا کہ کالج کے زمانہ سے ان کے ہریش راؤ سے دوستانہ تعلقات ہیں۔ گزشتہ دنوں اسمبلی میں ملاقات کے دوران انہوں نے ڈینڈی پراجکٹ کے لئے رقومات جاری کرنے کی درخواست کی ۔ واضح رہے کہ راج گوپال ریڈی حالیہ عرصہ میں اتم کمار ریڈی سے اختلافات کے سبب پارٹی کی سرگرمیوں سے دوری اختیار کرچکے ہیں۔ انہوں نے بارہا اس بات کا اشارہ دیا کہ وہ بی جے پی میں شامل ہوں گے ۔ تاہم ابھی تک وہ شامل نہیں ہوئے ۔ ہریش راؤ سے ملاقات کے بعد قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ راج گوپال ریڈی ٹی آر ایس میں شمولیت کا ارادہ رکھتے ہیں۔