اسمبلی کی ہیرٹیج بلڈنگ میں قانون ساز کونسل کی منتقلی کی تیاریاں

   

آئندہ اجلاس نئی عمارت میں ہوگا، اسپیکر اور صدرنشین کونسل نے تزئین نو کے کاموں کا جائزہ لیا
حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے احاطہ میں موجود ہیریٹیج عمارت کی مرمت اور تزئین نو کے کاموں کا آج اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار اور قانون ساز کونسل کے صدرنشین جی سکھیندر ریڈی نے معائنہ کیا۔ اسمبلی کی قدیم اور ہیرٹیج عمارت میں قانون ساز کونسل کو منتقل کرنے کا منصوبہ ہے اور مرمتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ نائب صدرنشین قانون ساز کونسل بنڈا پرکاش مدیراج اور لیجسلیٹیو سکریٹری ڈاکٹر وی نرسمہا چاریلو اِس موقع پر موجود تھے۔ سکھیندر ریڈی نے کاموں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تزئین نو کے کام تیزی سے مکمل کئے جائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہیریٹیج بلڈنگ کے سلسلہ میں تمام ضروری احتیاطی قدم اُٹھائے جائیں۔ سکھیندر ریڈی نے بتایا کہ حکومت قانون ساز کونسل کا آئندہ اجلاس نئی عمارت میں کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی عنقریب ہیرٹیج بلڈنگ کے تزئین نو کے کاموں کا جائزہ لیں گے۔ جی سکھیندر ریڈی نے عہدیداروں کو تعمیری کاموں کے سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کیں۔ آر اینڈ بی کے عہدیداروں نے تفصیلات سے واقف کرایا۔ آغا خاں فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے تزئین نو کے کاموں کی تفصیلات پیش کی۔ اسپیکر اسمبلی کے چیمبر میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں آئندہ اسمبلی سیشن تک مرمتی کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔1