اسمبلی کے احاطہ میں گاندھی جینتی تقاریب

   

حیدرآباد۔/2 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے احاطہ میں گاندھی جینتی کے موقع پر گاندھی جی کو خراج پیش کیا گیا۔ احاطہ میں واقع مجسمہ گاندھی پر پھول نچھاور کئے گئے۔ اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، ارکان کونسل فاروق حسین، ایل رمنا، نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار، سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو اور دوسروں نے مجسمہ گاندھی پر پھول نچھاور کئے۔ ان قائدین نے گاندھی جی کے پورٹریٹ پر بھی پھول پیش کئے۔ بعد میں اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے کہا کہ آزادی کے ثمرات سے ملک کا ہر شخص مستفید ہورہا ہے۔ ملک میں تمام طبقات کے ساتھ یکساں سلوک پر مبنی حکمرانی کی گاندھی جی نے تعلیم دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ تحریک اور پھر ریاست کی ترقی میں گاندھی جی کے اُصولوں کو اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ آٹھ برسوں میں تلنگانہ نے کئی شعبہ جات میں نمایاں ترقی کے ذریعہ نمبر ون مقام حاصل کیا ہے۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ نے فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ کا ہر شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ر