اسمبلی کے دو اقلیتی عہدیداروں کی میعاد میں توسیع

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔23 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حکومت نے قانون ساز اسمبلی میں دو عہدیداروں کی میعاد میں ایک سال تک توسیع دی ہے۔ سکریٹری اسٹیٹ لیجسلیچر وی نرسمہا چاریلو نے اس سلسلہ میں دو علحدہ احکامات جاری کئے ۔ ایچ اے شفیع ریٹائرڈ اسسٹنٹ سکریٹری لیجسلیچر کی خدمات کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی کے عہدہ پر ایک سال کی توسیع دی گئی۔ وہ 19 ڈسمبر 2018 ء سے 18 ڈسمبر 2019 ء تک اس عہدہ پر برقرار رہیں گے ۔ ماہانہ 35,000 روپئے اعزازیہ دیا جائے گا اور ان کی ذمہ داریوں میں اسمبلی اجلاس کا ایجنڈہ سوالات اور زیرو اوور کی کارروائی کا اردو میں ترجمہ کرنا ، ویب سائیٹ پر اردو اخبارات کی کلیپنکس اپ لوڈ کرنا ، اردو بولنے والے ارکان کی مدد کرنا اور دیگر امور شامل ہیں۔ ان کے علاوہ محمد ظہیرالدین ڈپٹی سکریٹری ریٹائرڈ کو اردو لائیزن آفیسر کے عہدہ پر ایک سال کی توسیع دی گئی۔ وہ 18 اگست 2019 ء تک عہدہ پر برقرار رہیں گے ، جنہیں ماہانہ 40,000 روپئے اعزازیہ دیا جائے گا ۔ ان کی ذمہ داریاں وہی ہیں جو او ایس ڈی کو دی گئی ہے۔