اسمبلی کے قریب ولیج ریوینو اسسٹنٹس کا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج

   

اطراف کے علاقوں میں صورتحال کشیدہ، کانگریس کی تنظیموں کادھرنا، امتناعی احکام کی خلاف ورزی

حیدرآباد۔/13 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے مانسون سیشن کا آج آخری دن مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاج کے ساتھ ختم ہوا۔ اسمبلی کے اطراف امتناعی احکام کے نفاذ کے ذریعہ احتجاجی پروگراموں کو روکنے کی پولیس کی حکمت عملی آج ناکام ثابت ہوئی۔ انٹلیجنس کی اطلاعات کی بنیاد پر پولیس کی جانب سے انتظامات کئے جاتے ہیں لیکن کانگریس کی محاذی تنظیموں اور ولیج ریوینو اسسٹنٹس کی جانب سے اسمبلی کے گھیراؤ کی دھمکی کے باوجود اسمبلی سے قریب پہنچنے سے روکنے میں پولیس کو ناکامی ہوئی۔ احتجاج کے نتیجہ میں اسمبلی کے اطراف کے کئی علاقوں میں صورتحال کشیدہ دیکھی گئی اور پولیس نے اسمبلی کے روبرو سڑک کو بند کرتے ہوئے ٹریفک کا رُخ دوسری جانب موڑ دیا تھا۔ اندرا پارک پر دھرنا کرنے والے ولیج ریوینو اسسٹنٹس سینکڑوں کی تعداد میں اسمبلی کی طرف بڑھنے لگے۔ پولیس نے انہیں راستہ میں روکنے کی کوشش کی۔ ٹینک بنڈ، مجسمہ تلگو تلی اور رویندرا بھارتی کی سڑک کو پولیس نے بند کردیا تھا۔ ولیج ریوینو اسسٹنٹس کو اسمبلی پہنچنے سے روکنے کیلئے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ مختلف اضلاع سے ولیج ریوینو اسسٹنٹس اپنے مطالبات کیلئے حیدرآباد پہنچے تھے۔ وہ گزشتہ 50 دن سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ ضلع اور دیہاتوں کی سطح پر یہ احتجاج جاری ہے۔ تلگو تلی فلائی اوور کے قریب پولیس نے احتجاجی وی آر ایز کو روک دیا اور پولیس سے بحث و تکرار کے بعد لاٹھی چارج کیا گیا۔ بڑی تعداد میں احتجاجیوں کی گرفتاری عمل میں آئی۔ احتجاجی وی آر ایز کے قائدین کو وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے بات چیت کے ذریعہ اسمبلی مدعو کیا اور کے ٹی آر سے ملاقات کے بعد وی آر اوز نے احتجاج ختم کیا۔ کانگریس سے تعلق رکھنے والی تنظیم یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے علاوہ فشریز کانگریس کے کارکنوں نے بھی اسمبلی کے گھیراو کی کوشش کی۔ فشریز کانگریس کے صدرنشین این سائی کمار نے ریاست میں مچھیروں کے مطالبات کی یکسوئی کیلئے ’چلو اسمبلی‘ احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ کانگریس کارکنوں سے نمٹنے کیلئے پولیس کو نامپلی اور اسمبلی کے قریب سخت جدوجہد کرنی پڑی۔ پولیس نے کافی دیر تک اسمبلی کے سامنے سڑک کو بند کرتے ہوئے اطراف رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 200 سے زائد احتجاجی وی آر ایز کو گرفتار کیا گیا۔ یوتھ کانگریس سٹی یونٹ کے صدر ایم روہت کی قیادت میں اسمبلی کی طرف بڑھنے والے احتجاجیوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ایک ہی وقت میں اسمبلی کے اطراف مختلف احتجاج سے نمٹنے میں پولیس کو سخت دشواری پیش آئی اور اسمبلی کے اختتام تک اطراف و اکناف کے علاقوں میں سخت چوکسی برقرار رکھی گئی۔ر