اسمتھ اور وارنر پاکستان کیخلاف چوتھے ونڈے کیلئے دستیاب

   

سڈنی۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ اور ان کے نائب ڈیوڈ وارنرپر آئندہ ماہ پابندی ختم ہورہی ہے۔وہ جنوبی افریقہ کے مقابلے میں ٹسٹ سیریز کے دوران بال ٹمپرنگ اسکینڈل میں پابندی کا شکار ہوئے تھے۔ اب وہ پاکستان کے خلاف سیریز میں اپنی ٹیم کیلئے دستیاب ہوں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف 5 ونڈے میچوں کی سیریز 22 مارچ سے 31 مارچ تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ا سٹیو ا سمتھ اور ڈیوڈ وارنر29 مارچ کو پابندی ختم ہونے پر پاکستان کے خلاف چوتھے ونڈے کیلئے اپنی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ ا سٹیون اسمتھ ، ڈیوڈ وارنر اور آسٹریلین اوپنر کیمرون بینکرافٹ پر ٹسٹ میچ کے دوران گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر بال ٹمپرنگ کے جرم میں بالترتیب ایک ،ایک سال اور 9ماہ کی پابندی لگائی گئی تھی۔ بینکرافٹ کی پابندی دسمبر میں ختم ہو چکی ہے۔ورلڈ کپ کے تناظر میں اسٹیو اسمتھ اور وارنر کی ٹیم میں واپسی کی راہ کو جلد سے جلد ہموار کرنے کی کرکٹ آسٹریلیا انتظامیہ کوشش کررہا ہے۔