لندن ۔27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف یکم اگست کو شروع ہونے والی تاریخی ایشز سیریز کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں سزا یافتہ اوپنر ڈیوڈ وارنر اور سابق کپتان اسٹیون اسمتھ کی بھی واپسی ہوئی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا نے ایشز سیریز کے لیے اپنے 17رکنی مضبوط اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں کیمرون بین کرافٹ اور جیمز پیٹنسن بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد قیادت کی ذمے داریاں سنبھالنے والے وکٹ کیپر ٹم پین کوکپتان برقرار رکھاگیا ہے جبکہ میتھیو ویڈکو اضافی وکٹ کیپر کے طور پر اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ایشز سیریز کے ذریعہ ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ کی بھی بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد پہلی مرتبہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ٹریور ہونز نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ ان دونوں کھلاڑیوں کا کھلے دل سے استقبال کیا گیا ہے ، اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، دونوں عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں اور ہماری ٹیم میں ان کی شمولیت یقینی ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے 17رکنی اسکواڈ کا اعلان کیے جانے کے باوجود جو برنز اورکرٹس پیٹرسن ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔آسٹریلیا نے اسکواڈ میں چھ فاسٹ بولروں کا انتخاب کرتے ہوئے بولنگ شعبہ کو مستحکم کرنے کی کوشش کی ہے جس کی قیادت مچل اسٹارک کریں گے جبکہ جوش ہیزل ووڈ، پیٹ کمنز، پیٹنسن اورپیٹر سڈل شامل ہیں جبکہ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈز مچل مارش اور مائیکل نیسر بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔اسپن کا شعبہ مضبوط بنانے کے لیے نیتھن لایون کے ساتھ مارنس لبوشین کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔ایشز سیریز کے لیے آسٹریلیا کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ٹم پین(کپتان)، ڈیوڈ وارنر، مارکس ہیرس،کیمرون بین کرافٹ، عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، میتھیوز ویڈ، مارنس لبوشین، مچل مارش، جیمز پیٹنسن، مائیکل نیسر، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، پیٹر سڈل، جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لایون۔