اسمتھ نے ٹسٹ سنچریوںمیں کوہلی کا ریکارڈ توڑدیا

   

برمنگھم ۔5 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ ٹسٹ کرکٹ میں تیز ترین 25 سنچریاں بنانے والے دنیا کے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں جیساکہ انہوں نے ایشز سیریز کے پہلے ٹسٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا جو ان کے کیریئرکا 65 واں ٹسٹ اور119ویں اننگز تھی۔ وہ 144رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اسمتھ نے پہلی اننگز میں بھی 142رنز بنائے تھے۔ وہ ایشز ٹسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے پانچویں آسٹریلیائی بیٹسمین بن گئے ہیں۔ ٹسٹ کرکٹ میں تیز ترین 25 سنچریوں کا ریکارڈ سرڈان بریڈمین کے نام ہے جنہوں نے 68 اننگز میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا جبکہ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی127 اننگز کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیواسمتھ نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں بھی سنچری بنائی۔ اسٹیو اسمتھ بال ٹیمپرنگ معاملے میں پابندی کے خاتمے کے بعد اپنا پہلا ٹسٹ کھیل رہے ہیں،اس میچ کی دونوں اننگز میں سنچری اسکورکرکے انہوں نے ناقدین کو بھرپورجواب دیا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 144 رنز ایسے وقت بنائے جب آسٹریلیاکے 8 کھلاڑی 122 کے اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔دوسری اننگز میں اسٹیواسمتھ نے142رنز بنائے،ان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے پہلے ٹسٹ میچ کے چوتھے دن دوسری اننگز 7وکٹ پر487 رنز پر ڈکلیئر کردی۔ اسٹیو اسمتھ کی دونوں اننگز میں سنچریوں کی بدولت انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹسٹ میچ میں آسٹریلیا کا موقف انتہائی مستحکم ہوا تھا ۔