دبئی ۔3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو مقابلوں کی ٹسٹ سیریز میں 2-0 کی کلین سوئپ کے ذریعہ آئی سی سی ٹسٹ چمپئین شپ میں 120 نشانات کے ساتھ پہلا مقام تو حاصل کرلیا ہے لیکن ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو ٹسٹ درجہ بندی میں اپنا پہلا مقام آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیواسمتھ کیلئے چھوڑنا پڑا ہے۔ اسمتھ حالانکہ زخمی ہونے کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف تیسرا ٹسٹ کھیلنے سے محروم رہے تھے لیکن انہیں پہلا مقام اس لئے بھی حاصل ہوا کیونکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں کوہلی نے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی لیکن دوسری اننگز میں وہ پہلی گیند پر آوٹ ہوئے تھے جس کا انہیں درجہ بندی میں نقصان اٹھانا پڑاہے۔ دیگر بیٹسمینوں میں اجنکیا راہانے سرفہرست 10 بیٹسمینوں میں واپسی کرچکے ہیں ۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی کے بولروں کے زمرے میں ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ وہ ونڈے میں پہلے ہی نمبر ایک بولر ہیں۔بمراہ اس وقت آسٹریلیائی فاسٹ بولر پیٹ کمنز اور جنوبی افریقہ کے ربادا سے پیچھے ہیں جوکہ بالترتیب پہلے اور دوسرے مقام پر فائز ہیں ۔محمد سمیع ایک مقام کی ترقی کے بعد18 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔