دبئی : چمپئنز ٹرافی 2025 میں آسٹریلیا کی ٹیم کا سفر ختم ہوگیا۔ اسے سیمی فائنل میچ میں ہندوستان کے خلاف 4 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس شکست کے بعد ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے بڑا اعلان کردیا ہے۔ اسٹیو اسمتھ نے ونڈے فارمیٹ سے سبکدوشی اختیارکر لی ہے۔ تاہم اسٹیو اسمتھ ٹسٹ اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس میں کھیلنا جاری رکھیں گے۔ اسٹیو اسمتھ نے تقریباً 15 سال تک آسٹریلیا کے لیے ونڈے کرکٹ کھیلی۔ اس دوران انہوں نے کئی مواقع پر ٹیم کی کپتانی بھی کی۔ چمپئنز ٹرافی 2025 میں بھی آسٹریلیا نے پیٹ کمنزکی غیر موجودگی میں ان پر اعتماد ظاہرکیا۔35۔ اسٹیو اسمتھ نے کہا، یہ ایک شاندار سفر رہا ہے اور میں نے اس کے ہر لمحے سے لطف اٹھایا۔ بہت سارے حیرت انگیز لمحات اور حیرت انگیز یادیں ہیں۔ دو ورلڈکپ جیتنا ایک بہت بڑی کامیابی تھی اور اس سفرکو بانٹنے کے لیے بہت سے شاندار ساتھی موجود تھے۔ اب 2027 ونڈے ورلڈکپ کی تیاری شروع کرنے کا ایک بہترین موقع ہے، اس لیے یہ صحیح وقت لگتا ہے۔اسٹیو اسمتھ نے 2010 میں ونڈے ڈیبیو کیا۔انہوں نے آسٹریلیا کے لیے کل 170 ون ڈے میچ کھیلے۔ انہوں نے 43.28 کی اوسط سے 5800 رنز بنائے جس میں 35 نصف سنچریاں اور 12 سنچریاں شامل ہیں۔ وہ 16 ویں سب سے زیادہ ونڈے کھلاڑی اور اپنے ملک کے لیے 12 ویں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ ساتھ ہی ٹیم انڈیا کے خلاف ون ڈے میں بھی ان کی کارکردگی اچھی رہی۔