کینبرا ۔5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) سابق کپتان اسٹیو اسمتھ کی شاندار اور ناقابل تسخیر نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹی20 میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں 151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغازکیا اور دونوں دو اوورز میں اسکور 25 تک پہنچا دیا اس شاندار آغاز کی بدولت میزبان نے 19 اوور کی تیسری گیند پر مقررہ ہدف حاصل کر کے سیریز میں برتری حاصل کر لی۔ اسٹیو اسمتھ نے 51 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز میں 11 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔آسٹریلیا کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب ڈیوڈ وارنر 20 رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی بال پر بولڈ ہو گئے۔ آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی فنچ نے 17 رنز بنانے کے بعد عرفان کا شکار بنے، بابر اعظم نے ان کا کیچ لیا۔ اس وقت آسٹریلیا کا مجموعی اسکور 48 تھا۔106 سکور پر آسٹریلیا کا تیسرا کھلاڑی میک ڈرمٹ تھے جو 21 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔پاکستان کی جانب سے محمد عرفان، محمد عامر اور عماد وسیم نے فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ اوپنر فخر زماں دو اور حارث سہیل چھ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر مسلسل دوسری نصف سنچری اسکورکی۔