برسبین۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا اورپاکستان کے درمیان برسبین ٹسٹ میں اسٹیواسمتھ ناکام رہے۔ انہیں پاکستان کے لیگ اسپنریاسرشاہ نے ایک بارپھراپنی کٹھ پتلی ثابت کیا۔ اسمتھ 4 رن بنا کر یاسرشاہ کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔ یاسرشاہ نے 6 ٹسٹ میں 7 ویں باراسمتھ کو آوٹ کیا۔ آؤٹ کرنے کے بعد پاکستانی اسپنر یاسر شاہ نے ہاتھ سے 7 ہندسے کا اشارہ کرتے ہوئے ٹیم ساتھیوں کے ساتھ جشن بھی منایا اور انکا یہ انداز سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوا ہے۔ اسٹیواسمتھ کوٹسٹ میں سب سے زیادہ انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے آؤٹ کیا ہے۔ اسٹورٹ براڈ نے 24 ٹسٹ میں 8 باراسمتھ کوآؤٹ کیا۔گابا کے میدان پرآسٹریلیا کے باقی بیٹسمینوں نے رنوں کا انبارلگایا، لیکن اسٹیو اسمتھ ایسا نہیں کرپائے۔ اس میچ میں ڈیوڈ وارنرکے بعد مانرس لابوشین نے بھی سنچری لگائی۔ وہیں جوبنرس اورمیتھیو ویڈ نے نصف سنچری لگائی۔ ڈیوڈ وارنرکے آؤٹ ہونے کے بعد اسٹیواسمتھ میدان میں آئے۔ انہوں نے چوکے کے ساتھ اپنا کھاتہ کھولا لیکن یاسرشاہ کی گیند کولیگ سائڈ میں کھیلنے کی کوشش میں وہ بولڈ ہوگئے۔ پویلین لوٹتے وقت وہ اپنے شاٹ سلیکشن سے کافی خفا تھے اورمایوسی میں سرہلا رہے تھے۔ وہیں اسٹیو اسمتھ کا وکٹ سستے میں حاصل کرنے پرپاکستانی ٹیم میں خوشی کی لہرتھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹسٹ کرکٹ میں یاسرشاہ کی پہلی وکٹ اسٹیواسمتھ ہی تھے۔ اکتوبر2014 میں ٹسٹ کرئیر کے آغاز پر انہیں یہ کامیابی ملی تھی۔ اس ٹسٹ کی دونوں اننگوں میں یاسرشاہ نے ہی اسمتھ کوآؤٹ کیا تھا۔ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان 2016 میں برسبین میں کھیلے گئے پنک بال (گلابی گیند) ٹسٹ میں بھی یاسرشاہ نے ہی اسٹیواسمتھ کوآؤٹ کیا تھا۔