ایس ایس سی کی فیس کے ادخال میں پرائیوٹ اسکولس کے مسائل کو حل کرنے کے لیے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : جناب انور احمد صدر اسوسی ایشن آف میناریٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس کی قیادت میں ایک وفد نے آج ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن ای وی نرسمہا ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے گلدستہ پیش کیا اور پرائیوٹ اسکولس کو پیش آنے والی مشکلات سے واقف کروایا ۔ ریاست تلنگانہ کے ہائی اسکولس کے لیے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کی فیس کے ادخال کی آخری تاریخ 26 نومبر مقرر کی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں تعلیمی عہدیداروں کی جانب سے خانگی اسکولوں کو تمام طلباء کا UDISE کا ڈیٹا درج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے بصورت دیگر دیرینہ جرمانہ کے ساتھ فیس داخل کرنا پڑے گا ۔ اس صورتحال کے پیش نظر اسوسی ایشن کے صدر انور احمد اور اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد ساجد علی کے ہمراہ دیگر اراکین نے اے نرسمہا ریڈی کمشنر اور ڈائرکٹر سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر صدر اسوسی ایشن نے نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے دسویں جماعت کے طلباء کے ناموں کے اندراج عمل میں لایا جارہا ہے ۔ لیکن خانگی اسکولس کے اندراج کو روک دیا گیا ہے ۔ خانگی اسکولس کا کام ابھی اسی مہینے میں شروع کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں پرائیوٹ اسکولس پر یہ ذمہ داری عائد کی جارہی ہے کہ پرائیوٹ اسکول اس میں تعاون نہیں کررہے ہیں ۔ جب کہ یہ حقیقت کے برخلاف ہے اور خانگی اسکولس اس کے ذمہ دار نہیں ہے اور یوڈائس میں ہمارا تعاون ہے اور ہمیشہ رہے گا ۔ جب یہ بات کمشنر ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کے سامنے لائی گئی تو انہوں نے ہمارے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ایس ایس سی میں شریک ہونے کے لیے طلباء کے Nominal رول جمع کرانے کے آپشن کے ساتھ ڈیٹا مکمل کرنے کی سہولت فراہم کردیں گے ۔ وفد میں اسوسی ایشن کے دیگر اراکین محمد عرفان بیگ اورمحمد حبیب شیخ بھی شامل تھے ۔۔