کریم نگرمیں جلسہ سیرت النبیؐ سے مولانا شاہ محمدجمال الرحمن مفتاحی ‘مفتی محمد صادق حسین قاسمی ودیگرکا خطاب ‘اخلاق و کردارکو درست کرنے کی تلقین
کریم نگر 11ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کے زیر اہتمام ’’جلسہ سیرت النبی ؐ اور حالات حاضرہ‘‘ 9ستمبر بروز منگل بعد نمازمغرب،مسجد محمودیہ حسینی پورہ کریم نگر میں حافظ احمد منقبت شاہ خان صاحب صدر قاضی وصدرجمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی صدارت میں منعقد ہوا۔حافظ محمد معظم حسین فیضی صاحب خازن جمعیۃالحفاظ نے قرأت کلام پاک پیش کی اور محمد عمیر احمد نے نعت نبی سنائی۔افتتاحی خطاب میں مفتی محمد صادق حسین قاسمی صاحب ڈائرکٹر القلم فائونڈیشن کریم نگر نے کہا کہ ربیع الاول نبی ؐ کی اس دنیا میں آمد کا مہینہ ہے،لوگ اس ماہ میں خوشیاں منانے اور محبت رسول ؐ کا اظہار کرنے کے لئے مختلف قسم کے غیر شرعی کام کرتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ ہم نے عشق رسول کا حق ادا کردیا لیکن حقیقت یہ ہے کہ محبت رسول فلک شکاف نعروں اور رسمی دعووں کا نام نہیں ہے،بلکہ آقا ؐ کی سنتوں پر مرمٹنے اور آپؐ کی لائی ہوئی تعلیمات پر سوفیصد عمل کرنے کا نام ہے۔حضرت مولانا شاہ محمد جمال الرحمٰن صاحب امیر شریعت تلنگانہ وآندھر ا نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کاخاتم النبیین ہونا،نبی الانبیاء ہونا اور حبیب رب العالمین ہونا اپنے اندرون میں وہ پورے تقاضے رکھتا ہے جو اس وقت امت کو درکار ہیں،آپ ؐ کو جن حالات میں بھیجا گیاوہ حالات اور آج کے حالات دونوں کا اگر تقابل کرکے دیکھا جائے تو دونوں میں کچھ زیادہ فرق نظر نہیں آتا، اْس دور میں شرک وبت پرستی عام تھی اور ہر طرف بے حیائی اور ظلم وستم کا دور دورہ تھا اورآج بھی ہر طرف کفر وشرک،بے حیائی وبے شرمی اور ظلم وناانصافی کا ماحول ہے،اب ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ نبی رحمت ؐ نے ان بگڑے ہوئے حالات کو کیسے سدھارا اور کیسے دشمنوں کو دوست بننے پر مجبور کیاتھا،سب سے پہلے تو نبی ؐ نے علم حقیقی سے محروم لوگوں کو خدا شناسی اور خود آگاہی کا سبق پڑھایااور مخالف حالات کو اپنے بلند اخلاق اور اعلیٰ کردار کے ذریعہ سے سازگار بنایا،حقیقت یہ ہے کہ اسوہ رسولؐ موجودہ دور کی بے دینی ،خدافراموشی اور اخلاقی بگاڑکو ختم کرنے کا موثر حل ہے۔حافظ محمد وسیم الدین صاحب معتمد جمعیۃ الحفاظ کریم نگر نے اجلاس کی کاروائی چلائی اور جمعیۃ الحفاظ کا تعارف پیش کیا۔اس موقع پر مفتی محمد غیاث محی الدین صاحب ناظم مدرسہ حفظ القرآن کریم نگر،مولانا عمر فاروق قاسمی نقشبندی صدر سٹی جمعیۃ علماء کریم نگر،حافظ محمد ضیاء اللہ خان صاحب نائب صدر جمعیۃ الحفاظ کریم نگر،حافظ سید رضوان فلاحی صاحب سکریٹری جمعیۃ الحفاظ کریم نگر،حافظ محمد صادق علی احمد سکریٹری جمعیۃ الحفاظ کریم نگر،حافظ فرید الدین امجد نائب خازن جمعی? الحفاظ کریم نگر کے علاوہ کثیر تعداد میں علماء ،حفاظ اور دانشوران ملت موجود تھے۔