سدی پیٹ میں جمعیتہ العلماء کے زیر اہتمام جلسہ تقسیم انعامات‘ علماء کا خطاب
سدی پیٹ۔ 8؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ مفتی عبد السلام قاسمی صدر جمعیتہ العلماء ضلع سدی پیٹ کی اطلاع کے بموجب 7 جنوری کو بعد نماز عشاء، بمقام عیدگاہ میدان نزد اقبال مینار، قادرپورہ، سدی پیٹ میں جمعیتہ علماء ضلع سدی پیٹ کے زیر اہتمام جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم و تقسیم ِانعامات منعقد ہوا۔ اس موقع پر سیرت کوئز معلوماتی امتحان 20 نومبر 2022ء پرتیبھا ڈگری کالج میں بڑے پیمانے پر منعقد کیا گیا تھا جس میں مختلف اسکولس و کالجس کے 700 سے زائد طلبہ و طالبات اور 150 سے زائد غیر مسلم طلباء و طالبات نے بھی حصہ لیا تھا، جو چار گروپوں پر مشتمل تھا ہر گروپ میں سے اول، دوم، سوم سے کامیاب ہونے والے مختلف اسکولس و کالجس کے طلباء و طالبات اور گھریلو خواتین کے درمیان 25 انعامات کے ساتھ مومنٹو اور اسناد کی تقسیم عمل میں آئی اور ان کے علاوہ امتحان میں شریک ہونے والے اسکولس و کالجس میںاچھے نمبرات لانے والے 70 سے زائد طلباء و طالبات کو ترغیبی انعامات اور اسناد کی تقسیم عمل میں آئی اور غیر مسلم طلباء و طالبات میں سے اعلیٰ نمبرات لانے والوں کے درمیان 5 خصوصی ترغیبی انعامات کے ساتھ مومنٹو اور اسناد اور 27 طلباء و طالبات کو ترغیبی انعامات اور اسناد کی تقسیم عمل میں آئی۔ جلسہ کا آغاز حافظ وقاری محمد عبدالصمد جنید مدنی ورنگل کی تلاوت سے ہوا اور ثناء خوانِ رسل خواجہ مفیض الدین کریم نگر نے نعت پیش۔ اس کے بعد صدر جلسہ مفتی عبدالسلام قاسمی صدر جمعیتہ العلماء ضلع سدی پیٹ نے مہمان مقرر کی حیثیت سے مولانا مفتی احمد اللہ نثار قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے امتحانات بچوں میں نبیؐ کی سیرت سے واقف کرانے کا بہترین ذریعہ ہے اور اسوۂ حسنہ کو عام کرنے کی ترغیب دلائی اور سیرت کے متعلق تفصیلی خطاب کیا۔ جناب محمد سلیمان انجینئر سدی پیٹ نے بزبانِ تلگوسیرت النبیؐ پر تقریر پیش کی۔ اس جلسہ میں بحیثیتِ مہمان خصوصی حافظ پیرخلیق احمد جنرل سیکریٹری جمعیتہ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش نے کہا کہ وہ اپنے بچوں اور گھر والوں کو صالح ماحول فراہم کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کریں اور اپنی زندگی کو سنت کے مطابق ڈھالیں۔ جلسہ کی نظامت مفتی غیاث محی الدین قاسمی نائب صدر جمعیتہ علماء کریم نگر نے انجام دی۔ اس اجلاس میں شہرکے معززین بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ جمعیۃ علماء ضلع سدی پیٹ کی جانب سے ان حضرات اور شہر کے اِردو اور تلگو کے صحافیوںکی بھی شال پوشی اور ان کو تہنیت پیش کی گئی۔ جلسہ میں شہر سدی پیٹ واطراف اوراکناف کے مردواحباب اورخواتین بلاتفریقِ مذہب وملت کثیر تعداد میں شریک تھے اورحافظ عبدالمجیدصاحب فیضی جنرل سیکریٹری جمعیتہ العلماء ضلع سدی پیٹ نے تمام آنے والے مہمانوں اوربالخصوص خادمینِ جمعیۃ علماء ضلع سدی پیٹ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیااورصدرِجلسہ کی دعاء پرجلسہ کااختتام عمل میں آیا۔