اسٹارک ، اسٹونیس اور مارش دورہ ہند سے باہر

   

میلبورن۔ ہندوستان کے تین میچوں کے ٹی20 دورے میں آسٹریلیا اپنے آل راؤنڈرمچل مارش، فاسٹ بولر مچل اسٹارک اور مارکس اسٹونیس کی خدمات سے محروم رہے گا کیونکہ یہ تینوں زخمی ہونے کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ فاسٹ بولراسٹارک گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہیں جبکہ مارش کو ٹخنے کی تکلیف ہے اور اسٹوئنس کو کمر میں تکلیف ہے۔تفصیلات کے مطابق، چوٹیں اتنی سنگین نہیں ہیں لیکن کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے اگلے ماہ اپنی سرزمین پرکھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو خطرہ میں نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈیوڈ وارنر کو پہلے ہی دورے پرآرام دیا گیا ہے جس کا آسٹریلیائی ٹیم پر بڑا اثر پڑے گا۔آسٹریلیائی سلیکٹرز نے اسٹارک، مارش اور اسٹوئنس کی جگہ نیتھن ایلس، ڈینیئل سامس اور شان ایبٹ کو شامل کیا ہے۔مارش اور اسٹوئنس زمبابوے اور نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کے دوران زخموںکا شکار ہوئے تھے لیکن اسٹارک کوگھٹنے کے اسکیان کے بعد چہارشبنہ کو ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا۔آسٹریلیا 20 ستمبرکو موہالی، 23 ستمبرکو ناگپور اور 25 ستمبرکو حیدرآباد میں میزبان ہندوستانکے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گا۔ہندوستان کے دورے کے بعد آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریزکھیلنی ہے۔