لندن۔ 30جون (سیاست ڈاٹ کام ) بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز مشل اسٹارک نے بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 26 رن پار پانچ وکٹ لے کر نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ کی ہیٹ ٹرک پر پانی پھیر دیا اور گزشتہ چمپئن آسٹریلیا نے اپنی زبردست کارکردگی برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کو ورلڈ کپ میچ میں سنیچر کی رات یک طرفہ انداز میں 86 رنز سے ہرا دیا۔نیوزی لینڈ نے بولٹ کی ہیٹ ٹرک سمیت 51 رن پر چار وکٹ کی شاندار گیند بازی کی بدولت سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی آسٹریلیا کی ٹیم کو 50 اوورز میں نو وکٹ پر 243 رن کے اسکور پر روکا لیکن نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے ٹورنمنٹ میں پہلی بار مایوس کیا اور کیوی ٹیم 43.4اوور میں محض 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔آسٹریلیا کی آٹھ میچوں میں یہ ساتویں جیت ہے اور اس نے 14 پوائنٹس کیساتھ سرفہرست مقام پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے ۔ نیوزی لینڈ کو آٹھ میچوں میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس کے 11 پوائنٹس ہیں لیکن سیمی فائنل کیلئے اسے اپنا آخری میچ جیتنا ضروری ہو گا اور اس سے پہلے اس انگلینڈ۔ ہندستان میچ کے نتیجے کا انتظار بھی کرنا ہوگا۔نیوزی لینڈ نے اس مقابلے میں بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کیا لیکن اس کے بلے بازوں نے مایوس کیا۔ کپتان کین ولیمسن نے سب سے زیادہ 40 رن بنائے جبکہ راس ٹیلر نے 30 اور مارٹن گپٹل نے 20 رن بنائے ۔ ٹیم کا چوتھا سب سے زیادہ اسکور اضافی 17 رنز رہا جس میں 10 وائڈ شامل تھیں۔