لندن ۔7 جون (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ونڈے کرکٹ میں تیز ترین 150 وکٹیں لینے کا پاکستانی اسپنر ثقلین مشتاق کا 21 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ پاکستان کے سابق ٹسٹ کرکٹر اورآف اسپنر ثقلین مشتاق نے 2 دہے قبل ہندوستان کے خلاف کھیلتے ہوئے ونڈے میچز میں تیز ترین 150 وکٹیں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جو انہوں نے 78 میچز میں بنایا تھا۔ خیال رہے کہ ثقلین مشتاق پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے نہ صرف بہترین آف اسپنر سمجھے جاتے ہیں بلکہ صف اول کے بولروں میں سے ایک ہیں۔ انگلینڈ میں رواں ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کیئریر کا 77واں میچ کھیلتے ہوئے مچل اسٹارک نے یہ سنگ میل عبور کیا۔مچل اسٹارک نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اپنی 150 وکٹیں مکمل کیں جبکہ ٹیم کو 15 رنز سے کامیابی دلوائی۔ یہاں یہ بات قابل غور ہے وقت کے اعتبار سے تیز ترین 150 وکٹیں لینے کا اعزاز اب بھی سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کے ہی پاس ہے۔ مچل اسٹارک نے اپنی 150 وکٹیں 8 سال اور229 دن میں مکمل کی لیکن پاکستانی لیگ اسپنر کو یہ اعزاز حاصل کرنے میں صرف 2 سال اور109 دن لگے۔ ثقلین مشتاق کی تیزی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کے بعد دوسرے نمبر پر وقت کے اعتبار سے تیز ترین وکٹیں لینے کا ریکارڈ 4 سال میں بنا۔ آسٹریلیائی سابق فاسٹ بولر بریٹ لی نے 82 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا لیکن انہوں نے 4 سال 42 دن لگائے۔