پرتھ ۔ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے یہاں کھیلے جارہے ڈے نائیٹ ٹسٹ میں میزبان ٹیم کے ہمالیائی اسکور کے برعکس نیوزی لینڈ 109 رنز کے اسکور پر ہی پانچ وکٹیں گنوا چکی ہے۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 416 رنز اسکور کئے اور جب اس نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اسٹارک نے یکے بعد دیگرے مہمان بیٹسمینوں کو پویلین کا راستہ دکھانا شروع کیا۔ کپتان ولیمسن نے 70 گیندوں میں 34 رنز اور راس ٹیلر ناقابل تسخیر 66 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ آوٹ ہونے والے دیگر چار بیٹسمین دوہرے ہندسے کو عبور ہی نہیں کرپائے۔ اوپنرس کی جوڑی جیت راول (1)، لیتھم (0) جب آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی اسکور صرف ایک رن تھا جس کے بعد نکولاس (7) اور ویگنر (0) بھی پویلین لوٹ گئے۔ اسٹارک نے 11 اوورس میں 21 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے اپنی کل کی اننگز 248/4 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین لبوشین نے اپنی اننگز میں 143 رنز بنائے جبکہ دیگر بیٹسمینوں میں ہیڈ (56)، کپتان ٹم پین (39) اور اسٹارک (30) نے قابل ذکر اسکور کیا۔ نیوزی لینڈ کیلئے ٹم ساوتھی نے 93 اور ویگنر نے 92 رنز کے عوض فی کس چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔