اسٹارک کی تنڈولکر کے خلاف بولنگ یادگار: پونٹنگ

   

نئی دہلی، 18 جولائی (آئی اے این ایس): آسٹریلیا کے لیجنڈری کرکٹر اور ورلڈ کپ فاتح کپتان رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ مچل اسٹارک نے 2012 میں پرتھ ٹسٹ میں سچن ٹنڈولکر کے خلاف جو شاندار اسپیل کیا تھا، وہیں سے اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ ایک عظیم بولر بننے جا رہے ہیں۔ یہ بیان انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اسٹارک کے100ویں ٹسٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد دیا، جہاں اسٹارک نے صرف 15 گیندوں پر 5 وکٹیں لے کر 6/9 کے اعداد و شمار کے ساتھ ویسٹ انڈیز کو 27 رنز پر ڈھیرکردیا ، جو ٹسٹ تاریخ کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔ پونٹنگ نے کہا کہ اسٹارک نے حالیہ برسوں میں اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے اور اب وہ ذہنی اور جسمانی طور پر بھی مکمل بولر بن چکے ہیں۔ انہوں نے اسٹارک کے 400 ٹسٹ وکٹیں مکمل کرنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ پونٹنگ کے مطابق اسٹارک نے آئی پی ایل جیسی لیگز سے دور رہ کر اپنی فٹنس اور آسٹریلیا کے لیے دستیابی کو ترجیح دی، یہی ان کے کامیاب کیریئر کا راز ہے۔یاد رہیکہ اسٹارک اس وقت آسٹریلیائی بولنگ شعبہ کے نمبر ایک بولر ہیں اور انکی ٹیم میں موجودگی آسٹریلیا کیلئے کامیابی کی ضامن تصور کی جاتی ہے ۔