عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں کونسلنگ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں ایسے کئی ہمدردانہ ملت ہیں جو ملت کے ہونہار طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی اور ان کی ہر لحاظ سے مدد کا گرانقدر جذبہ رکھتے ہیں جس کے نتیجہ میں یہ طلبہ تعلیمی میدان میں اپنا اپنے والدین اور ملک و ملت کا نام روشن کررہے ہیں ۔ اس طرح کے ہمدردان ملت میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین شامل ہیں ۔ فیض عام ٹرسٹ کا جہاں تک سوال ہے یہ ادارہ ایک کثیر تعداد میں مستحق خاندانوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلباء وطالبات کی بھر پور مدد کررہا ہے ۔ ساتھ ہی ان کے والدین کی مدد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ جناب افتخار حسین کے مطابق ہفتہ کو عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے ملت کے ان ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی اور کونسلنگ کے لیے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ان طلبہ نے شرکت کی جنہوں نے ایم بی بی ایس ، انجینئرنگ ، سی اے ، نرسنگ ، فزیوتھراپی ، ووکیشنل کورس اور پرائمری سے لے کر گریجویشن تک اعلیٰ نمبرات حاصل کئے ہیں ۔ جملہ 85 طلبہ نے نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ انہیں فیض عام کے ستارے ، مومنٹو سے نوازا جائے گا ۔ اس پر اثر تقریب جس میں فیض عام ٹرسٹ سے استفادہ کرنے والے طلبہ نے بھی خطاب کیا ۔ ٹرسٹ کی مجلس عاملہ کے ارکان رضوان حیدر ، سید حیدر علی ، ڈاکٹر مخدوم محی الدین کے علاوہ ڈاکٹر شائستہ محمد حسینی ہیلا آف نفرالوجی ڈپارٹمنٹ کیر ہاسپٹل ، ڈاکٹر سمیع اللہ ، ڈاکٹر وحید ، جناب ایوب ، جناب مسعود ، محمد بشیر الدین فاروقی اور ریٹائرڈ جسٹس ای اسمعیل جیسے ماہرین نے شرکت کرتے ہوئے طلبہ کی کونسلنگ کی ۔ آپ کو بتا دیں کہ 2018 میں 15 طلبہ کو اسٹار آف دی فیض عام ٹرسٹ اعزاز عطا کئے گئے تھے ۔ اب کی مرتبہ 85 طلبہ کا اس کے لیے انتخاب عمل میں آتا ہے ۔ جناب افتخار حسین کے مطابق فیض عام ٹرسٹ کی خوش قسمتی یہ ہے کہ اس کے تمام ٹرسٹی ملت کے لیے تڑپنے والے قلوب رکھتے ہیں ۔۔
