حیدرآباد۔ 13 اپریل (سیاست نیوز) امیر حلقہ جماعت اسلامی تلنگانہ مولاناحامد محمد خان نے کورونا وائرس کی وباء سے تلنگانہ کے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے ریاستی حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں، وہ قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے اس بات کی ضرورت ظاہر کی کہ ریاست میں موجود اسٹار ہوٹلس کو کورنٹائن مراکز میں تبدیل کیا جائے تاکہ وہاں مشتبہ مریضوں کو علیحدہ رکھ کر بہتر سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ کیوں کہ فی الحال سرکاری دواخانوں میں ہر فرد کے لیے علیحدہ علیحدہ کورنٹائن کی سہولت فراہم کرنا ممکن نہیں ہے اور کورونا سے محفوظ رکھنے کا عمل متاثر ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورنٹائن کے عمل کو موثر انداز میں کیا جائے تو کیسس سے بچائو ممکن ہے۔ تھوڑی سی لاپرواہی اور غفلت کثیر آبادی کو مہلکت مرض میں مبتلا کرسکتی ہے۔ مولانا حامد محمد خان نے عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی اور حکومت و انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا۔