اسٹاف نرسیس کے تقررات بی آر ایس حکومت کا کارنامہ : ہریش راؤ

   

صرف تقرر نامے حوالے کرتے ہوئے دھوم دھام کرنے کا کانگریس حکومت پر الزام
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سینئیر رکن اسمبلی سابق وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ اسٹاف نرسیس کے تقررات بی آر ایس حکومت کا کارنامہ ہے تاہم کانگریس حکومت صرف تقررات نامہ حوالے کرتے ہوئے سارا اعزاز اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس حکومت نے یکم فروری کو گروپ I نوٹیفیکیشن دینے کا اعلان کیا تھا ۔ اس وعدے سے بے روزگار نوجوانوں کی توجہ ہٹانے کے لیے اسٹاف نرسیس کے تقرر نامہ حوالے کرنے کا بڑا پروگرام منعقد کر کے ہلچل پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ بی آر ایس حکومت کے کارنامہ کا اعزاز حاصل کرنے کے بجائے کانگریس پارٹی کی جانب سے انتخابات میں دئیے گئے وعدوں کی تکمیل کرنے کا کانگریس حکومت کو مشورہ دیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے 5204 اسٹاف نرسیس کے تقررات کے لیے 30 دسمبر 2022 کو نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا اس میں مزید 1890 جائیدادوں کا اضافہ کرتے ہوئے 22 جون 2023 کو احکامات جاری کئے گئے جس سے اسٹاف نرسیس کی جائیدادیں بڑھ کر 7094 تک پہونچ گئی ۔ ان جائیدادوں پر تقررات کے لیے 2 اگست 2023 کو امتحان منعقد کیا گیا ۔ فائنل نتائج کی اجرائی تک اسمبلی انتخابات کے لیے نوٹیفیکیشن جاری ہوگیا تھا ۔ اقتدار حاصل کرنے والی کانگریس حکومت اس کو اپنا کارنامہ قرار دیتے ہوئے دھوم دھام کررہی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی نے کانگریس حکومت تشکیل دیتے ہی پہلے سال 2 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ ان تقررات کے لیے نوٹیفیکیشن کب جاری کیا جارہا ہے ۔ حکومت سے استفسار کیا ۔ فوری جاب کیلنڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اسٹاف نرسیس کی حیثیت سے منتخب ہوتے ہوئے تقررات نامے حاصل کرنے والی امیدواروں کو ہریش راؤ نے مبارکباد پیش کی ۔۔ 2