چینائی: تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے الزام لگایا کہ گورنر آر این روی بی جے پی کے کارکن کی طرح کام کر رہے ہیں اور راج بھون بی جے پی کے دفتر کی طرح کام کر رہا ہے ۔ پیر کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر کے تبصروں اور اقدامات سے ایسا لگتا ہے کہ وہ بی جے پی کے کارکن ہیں اور راج بھون بی جے پی کا دفتر ہے ۔گورنر کے دفتر پر کئی مسائل پر حقائق سے متعلق غلط بیانات دینے کا الزام لگاتے ہوئے ، وزیر اعلی نے چند دن قبل راج بھون کے گیٹ پر پٹرول کی بوتلوں کے پھینکے جانے کے سوال پر کہا کہ بم راج بھون کے اندر نہیں پھینکا گیا تھا اور یہ صرف سڑک پر گرا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیا اور ایک جامع وضاحت جاری کی اور علاقے سے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے اسے ثابت کیا۔ اسٹالن نے کہاکہ حالانکہ، اس کے برعکس،گورنر کے دفتر نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ راج بھون پر پٹرول بم پھینکا گیا تھا جب کہ یہ سڑک پر گرا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کی اور مجرم کے خلاف کارروائی کی۔ اسٹالن نے یقین دلایا کہ ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔راج بھون پر بی جے پی کے دفتر کے طور پر کام کرنے کے اپنے دعوے کو درست ثابت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر مسئلہ پر راج بھون کے بیانات نہ صرف غلط ہیں بلکہ جھوٹ بھی ہیں۔