اسٹالٹن برگ کا عنقریب ترکیہ کا دورہ

   

بلجیم : نیٹو کے سیکریٹری جنرل ڑینز اسٹالٹن برگ نے کہا ہے کہ وہ صدر رجب طیب اردغان کے ساتھ اسویڈن کی نیٹو رکنیت کے بارے میں بات چیت کے لئے عنقریب ترکیہ کا دورہ کر رہے ہیں۔اسٹالٹن برگ نے ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں منعقدہ غیر سرکاری وزرائے خارجہ اجلاس سے قبل میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جواب دیئے۔سویڈن کی نیٹو رکنیت سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں انہوں نے صدر رجب طیب اردغان کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کی تھی۔ اگرچہ ابھی وقت کا قطعی تعین نہیں ہوا لیکن عنقریب وہ انقرہ کا دورہ بھی کریں گے۔اس سوال کے جواب میں کہ وہ سویڈن کے شرکت پروٹوکول کی منظوری سے متعلق ترکیہ کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ اسٹالٹن برگ نے کہا ہے کہ میرا پیغام یہ ہے کہ سویڈن کی نیٹو رکنیت نہ صرف سویڈن کے لئے بلکہ اسکینڈینیوین ممالک، بالٹک علاقے ،پورے نیٹو اور یقیناً ترکیہ کے لئے بھی مفید ہے۔ اس کے علاوہ یکم جون سے سویڈن میں نافذالعمل ہونے والے انسدادِ دہشت گردی قانون کی اہمیت پر بھی زور دوں گا۔